ْ"عیدالاضحی کی آمد"،گھی ، گرم مصالحوں ، سبزیوں ، پھلوں کی قیمتوں میں زبردست اضافہ ہو گیا

اتوار 19 اگست 2018 15:00

فیصل آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2018ء) عید الاضحی کی آمدکے باعث جہاں دیگر اشیاء کی قیمتیں آسمانوں سے باتیں کرنے لگی ہیں وہیں گھی ، مرچوں ، گرم مصالحوں ،ٹماٹر، پیاز ، لہسن ، ادرک ، سبز دھنیہ ، سبز مرچ ، پودینہ و دیگر سبزیوں ، پھلوں کی قیمتوں میں بھی کئی گنا اضافہ ہو گیا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر دیگر کاروباری و تجارتی حلقوں کی طرح ناجائز منافع خور ، ذخیرہ اندوز ، خود غرض دکانداروں اور مفاد پرست چور بازاروں نے عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے کیلئے مختلف بہانے تراشنا شروع کر دیئے ہیں اور زائد نرخ وصول کرنے کی وجہ دریافت کرنے پر کبھی مختلف قدرتی آفات کے باعث فصلات تباہ ہونے کا بہانہ بنایا جاتا ہے اور کبھی بجلی ، گیس، پٹرولیم و دیگر مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کو جواز کے طور پر پیش کیا جاتا ہے۔

یہاں یہ امر انتہائی افسوسناک ہے کہ متعلقہ پرائس کنٹرول کمیٹیوں کی جانب سے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے کوئی خاطر خواہ انتظامات نہ کئے گئے ہیں جس کے باعث عوام مجبوراً منہ مانگے نرخ فراہم کررہے ہیں۔ مذکورہ صورتحال سے سب سے زیادہ تنخواہ دار ، سفید پوش اور متوسط طبقہ متاثر ہو ا ہے جن کا کوئی پرسان حال نہیں۔ انہوں نے حکومت سے فوری کارروائی کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :