خادم گوٹھ میں 6سالا معصوم بچی سے زیادتی کی کوشش ، شہریوں نے ملزم کو رنگے ہاتھوں پکڑ کر تھانے پہنچا دیا

تھانہ سائیٹ سپرہائی وے پولیس کی جانب سے ملزم کو بچانے کی کوشش ،پی ٹی آئی رکن سندھ اسمبلی دعا بھٹو ورثا کے ہمراہ تھانے پہنچی، مقدمہ درج سندھ میں زینب جیسے واقعات ہونے نہیں دیں گے، ورثا کو انصاف دلوائیں گے ، پولیس غریب عوام کی مدد نہیں کرتی دعا بھٹو

اتوار 19 اگست 2018 19:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2018ء) کراچی ملیر کے علاقہ خادم گوٹھ میں 6سالا معصوم بچی سے زیادتی کی کوشش شہریوں نے ملزم فہیم کو رنگے ہاتھوں دھر لیا، ملزم کو تھانے پہنچایا لیکن سائٹ تھانہ سپر ہائی وی پولیس نے بچی کو لاوارث قرار دیکر ملزم کے خلاف کارروائی کرنے سے انکار کردیا جس پر نوٹس لیتے ہوئے پی ٹی آئی رکن سندھ اسمبلی دعا بھٹو پہنچ گئی ورثا کے ہمراہ جائے وقوعہ پر شواہد لینے کے بعد تھانہ سائٹ پہنچی جہاں پر ملزمان کو گرفتار کر وا کر 6سالا معصوم بچی خدیجہ کے والدہ نسیم عباس کی مدعیت میں مقدمہ درج کروالیا۔

رکن سندھ اسمبلی دعا بھٹو نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا سندھ میں زینب جیسے واقعات ہونے نہیں دیں گے، خدیجہ معصوم بچی ہے ملزم فہیم وحشی بن کر معصوم بچی کو زیادتی کا نشانہ بنانا چاہتا تھا جس کو جو ایک خالی زیر تعمیر جگہ پر شہریوں نے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا ہے، انہوں نے کہا بڑے افسوس کی بات ہے کہ پولیس والوں نے ملزم کے خلاف کارروائی کرنے سے انکار کر دیا تھا، لیکن ہم نے پہنچ کر ملزم کے خلاف مقدمہ بھی درج کروایا ہے اور ورثا کو ہر انصاف کی فراہمی تک ہر ممکن مدد کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا معصوم بچیوں سے بڑھتے ہوئے ایسے واقعات کے خلاف اسمبلی فلور پر آواز اٹھائوں گی۔ دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما و رکن سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے واقعہ پر سخت مزمت کرتے ہوئے کہا ورثا کی ہر ممکن مدد کی جائے گی ۔ ایسے بڑھتے ہوئے واقعات کے خلاف قانون سازی کی جائیگی تاکہ ملزمان کو سخت سے سخت سزائیں مل سکیں ۔