بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں اوڑی بارہمولہ میں دو کشمیری نوجوان شہید

ایک بارودی سرنگ کے دھماکے میں بھارتی فوج کی 57راشٹریہ رائفلز کا ایک اہلکار دلبیر سنگھ ہلاک ہو گیا

پیر 20 اگست 2018 11:30

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2018ء) مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوجیوںنے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران ضلع بارہمولہ میں دو اور نوجوانوں کو شہید کردیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق فوجیوںنے ان نوجوانوںکو ضلع میں اوڑی کے علاقے کستوری نار میں تلاشی اور محاصرے کی ایک کارروائی کے دوران شہید کیا۔ گزشتہ روز بھی اسی علاقے میں بھارتی فوجیوںنے ایک نوجوان کو شہید کردیا تھا جس سے شہید ہونیوالے نوجوانوںکی تعداد بڑھ کر تین ہوگئی ہے ۔

(جاری ہے)

بھارتی فوج کے ایک ترجمان نے سرینگر میں کہا ہے کہ تلاشی کی کارروائی کے دوران ایک نوجوان کی لاش برآمد ہو ئی ہے جبکہ فوجی کارروائی علاقے میں جاری ہے ۔ ادھر ضلع کپواڑہ میں Lashdatکے قریب گلاب پوسٹ میں ایک بارودی سرنگ کے دھماکے میں بھارتی فوج کی 57راشٹریہ رائفلز کا ایک اہلکار دلبیر سنگھ ہلاک ہو گیا ۔دریں اثناء بھارتی پولیس نے گھروں پر چھاپے کے دوران گاندربل اور کپواڑہ سے عرفان احمد میر ، عاشق ، بابا ، ارشاد احمد اور فیروز احمد کو گرفتار کرلیا ہے۔