Live Updates

سی پیک ریلوے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا‘

لاہور اور راولپنڈی کے درمیان ٹریک کو ڈبل کیا جائے گا، ریلوے کو خسارے سے نکال کر منافع بخش ادارہ بنانے کیلئے اقدامات کریں گے، سی پیک منصوبوں کے تحت تمام ٹریکس کو اپ گریڈ کیا جائے گا، ریلوے سٹیشنوں کی اپ گریڈیشن کریں گے، ریلوے اراضی کو قابضین سے واگزار کرائیں گے، فریٹ ٹرینوں کی تعداد ڈبل کریں گے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کی میڈیا سے بات چیت

پیر 20 اگست 2018 20:05

سی پیک ریلوے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا‘
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2018ء) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ سی پیک ریلوے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا اور لاہور اور راولپنڈی کے درمیان ٹریک کو ڈبل کیا جائے گا، ریلوے کو خسارے سے نکال کر منافع بخش ادارہ بنانے کیلئے اقدامات کریں گے، سی پیک منصوبوں کے تحت تمام ٹریکس کو اپ گریڈ کیا جائے گا، ریلوے سٹیشنوں کی اپ گریڈیشن کریں گے، ریلوے اراضی کو قابضین سے واگزار کرائیں گے، فریٹ ٹرینوں کی تعداد ڈبل کریں گے۔

پیر کو میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان کی تقریر بہترین تھی، عمران خان کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں کو ریلیف دیں گے، ریلوے ملازمین کو گھر دیں گے، ریلوے 5 ہزار کوارٹر بنائے گی، ریلوے کو زمین کی کمی نہیں، گریڈ چار کے ملازمین کو گھر دیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا والے ہمارا احتساب کریں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ مارگلہ سٹیشن اور ریلوے میوزیم کو اپ گریڈ کیا جائے گا، 8 ڈرائی پورٹس اور 32 ریلوے سٹیشن اپ گریڈ کریں گے، ریلوے ٹریکس کے اردگرد درخت لگائیں گے جبکہ سٹیشنوں کے قریب بھی کمرشل پلازے بنائیں گے۔ ٹریول ایجنٹس کے نمبر اور آن لائن ٹکٹ کے حوالے سے جلد فیصلہ کریں گے، این ایل سی اور ایف ڈبلیو او کو زیادہ کام دیں گے تاکہ وقت کا ضیاع نہ ہو، سی پیک کیلئے تمام ٹریک اپ گریڈ ہو گا، بڑی کمپنیوں کو سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ معذور افراد کیلئے سٹیشنوں پر سہولیات فراہم کریں گے۔ اس سلسلہ میں اسیکلیٹرز اور لفٹس کی ریلوے کہ ضرورت ہے۔ ریلوے پر عوام کا اعتماد بحال کریں گے کیونکہ ریلوے کے ذریعہ سفر کرنا چاہتے ہیں انہوں نے کہا کہ ریلوے میں بہتری لانے کی ضرورت ہے، ہمارے پاس پاور فل انجن ہیں مگر ان کو استعمال میں نہیں لایا جاتا، کراچی تک پانچ سو روپے میں ٹکٹ دیا تھا آج ٹکٹ 5 ہزار ہے، ہر ایک سٹیشن کو کھلا کر رہے ہیں، میڈیا ہاؤسز اپنی ایل سی ڈی لگائیں، کوچز اپنے ملک میں تیار کریں گے، ریلوے سے کرپشن کے خاتمہ کے کئی ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کریں گے، کمیشن کا کلچر ختم کریں گے، ٹرین کے تھرڈ کلاس ڈبوں میں بھی اے سی کی سہولت فراہم کرنے کی کوشش کریں گے۔

سی پیک کے تحت ریلوے منصوبوں کو جلد مکمل کریں گے، لاہور سے راولپنڈی کے درمیان ٹرین کی سپیڈ 160 کلومیٹر کیا جائے گا، اللہ نے غریب کی خدمت کا موقع دیا ہے، خدمت کروں گا۔ ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ ریلوے کی ٹکٹنگ کے نظام کو بہتر کریں گے اور اپنے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ کو جدید خطوط پر استوار کریں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات