آرٹس کونسل میں صابری سسٹرز کی محفل قوالی کا اہتمام

جمعہ 31 اگست 2018 18:30

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 اگست2018ء) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی اور ایس ایس پروڈکشن کے تعاون سے صابری سسٹرز کی رنگا رنگ محفلِ قوالی کا اہتمام گزشتہ شب آرٹس کونسل کراچی میں منعقد کیا گیا جس میں ملک کے مشہور و معروف قوال امجد صابری (مرحوم) کی چھوٹی بہن ثمن صابری اور انعمتہ صابری (صابری سسٹرز) نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔

جمعہ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر چیئرمین یوتھ کمیٹی اسجد بخاری نے کہا کہ آرٹس کونسل ایک تاریخ ساز ادارہ ہے او ر صدرآرٹس کونسل محمد احمد شاہ کی سربراہی اور کاوشوں کی بدولت ہر سو فن و ادب کے رنگ بکھیرنے میں سر گرمِ عمل ہے۔ اسجد بحاری نے کہا کہ یہ ایک پرمسرت بات ہے کہ ایک بڑے نامور قوال خاندان کے چشم و چراغ اپنے ورثا کے فن کو فروغ دینے کے لئے گامزن ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے ثمن صابری اورانعمتہ صابری (صابری سسٹرز) کے کام کو بے حد سراہتے ہوئے کہا کہ اس دور میں ثمن صابری اور انعمتہ صابری جیسے ستاروں کی بدولت قوالی کے فن کو مستقبل میں مزید فروغ ملے گا۔ صابری خاندان کی ثمن صابری نے کہا کہ آرٹس کونسل ایک ایسا ادارہ ہے جو ہمیشہ آرٹسٹوں اور ادیبوں کو سراہتا ہے اور اس ادارے نے شہر کی ادبی رونقیں بحال کرنے میں بہت اہم کردار ادا کیا ہے۔

آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں منعقدہ اس محفلِ سماں کا ایک اہم پہلو معروف قوال امجد صابری (مرحوم ) اور نصرت فتح علی خان (مرحوم ) کو خراجِ عقیدت پیش کرنا بھی تھا۔ محفل قوالی کی رنگارنگ تقریب میں ثمن صابری اورانعمتہ صابری نے اپنے ہمنواہوں کے ساتھ مل کرکلام پیش کیا اور سُروں کا ایک جادوئی سماں باندھا جس پرشائقینِ محفل جھوم اٹھے۔

صابری سسٹرزنے ’’اللہ ہو اللہ ہو‘‘، ’’تاجدارِ حرم‘‘، ’’بھر دو جھولی میری یا محمد‘‘ جیسے لازوال کلام و منقبت سامعین کی نظر کر کے بے شمار داد وصول کی۔ اس پر مسرت موقع پر حاضرین کی ایک بڑی تعداد محفل سماں میں شر یک تھی۔ سلسلہٴ صابری اور نسبتِ وارثی سے تعلق رکھنے والی ثمن صابری اورانعمتہ صابری ( صابری سسٹرز)اس سے قبل ملک کے دیگر شہروں میں بھی اپنے کلام کا جادوہ بکھیر چکی ہیں۔