Live Updates

وفاقی حکومت کا کابینہ میں مزید توسیع کا فیصلہ

کابینہ میں مزید رہنماؤں کو وزارتیں دی جائیں گی،علی زیدی، علی امین گنڈاپور، مرادسعید اوراعظم سواتی کووزارتیں ملنے کا امکان ہے۔ذرائع

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 2 ستمبر 2018 19:12

وفاقی حکومت کا کابینہ میں مزید توسیع کا فیصلہ
اسلام آباد(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔02 ستمبر 2018ء) حکومت نے وفاقی کابینہ میں مزید توسیع کا فیصلہ کرلیا ہے، کابینہ میں مزید رہنماؤں کو وزارتیں دی جائیں گی،علی زیدی، علی امین گنڈاپور، مرادسعید اوراعظم سواتی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر وفاقی کابینہ میں مزید توسیع کا فیصلہ کرلیا ہے، کابینہ میں مزید رہنماؤں کو وزارتیں دی جائیں گی۔

جن ارکان اسمبلی کو وزارتیں دی جائیں گی ان میں علی زیدی، علی امین گنڈاپور، مرادسعید اوراعظم سواتی شامل ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈا پور کودیے جانے کا امکان ہے۔ علی زیدی کو وزارت پورٹ اینڈ شپنگ، اعظم سواتی کو وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی بنایا جائے گا۔

(جاری ہے)

ذرائع نے مزید بتایا کہ مراد سعید کو وزیر مملکت بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے18اگست کو 20 رکنی وفاقی کابینہ کی منظوری دی۔ 20 رکنی وفاقی کابینہ میں وزارت خارجہ کا قلمدان شاہ محمود قریشی، انسانی حقوق کی وزارت کا قلمدان شیریں مزاری کوسونپا گیا ہے۔ جبکہ غلام سرور خان وزیر پٹرولیم، نورالحق قادری مذہبی امور، فروغ نسیم قانون و انصاف کے وزیر ہوں گے۔ اسی طرح دفاعی پیداوار کیلئے زبیدہ جلال ، اطلاعات ونشریات کیلئے، وزارت ریلوے کا قلمدان شیخ رشید کوسونپ دیا گیا ہے۔

وزیراعظم نے وزارت دفاع پرویز خٹک سونپی ہے جبکہ طارق بشیر چیمہ ریاستی اور سرحدی امور،اسد عمروفاقی وزیرخزانہ ہوں گے۔اسی طرح شفقت محمودفیڈرل ایجوکیشن اینڈ پروفیشنل ٹریننگ،خالد مقبول صدیقی انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن ،فہمیدہ مرزا وزیربین الصوبائی رابطہ اور عامر محمود کیانی وزیرصحت ہوں گے۔اسی طرح وفاقی کابینہ میں 5مشیر بھی نامزد کردیے گئے ہیں۔ان میں ظہیرالدین بابراعوان مشیر پارلیمانی امور، امین اسلم مشیر ماحولیات،ڈاکٹر عشرت حسین کومشیر اصلاحات،عبدالرزاق داؤد کومشیر برائے اقتصادیات اورمحمد شہزاد ارباب مشیر اسٹیبلشمنٹ کونامزد مقرر کیا گیا ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات