ملالہ کی کینیڈین وزیراعظم سے ملاقات،

لڑکیوں کی تعلیم کے حوالے سے تبادلہ خیال کیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے اس ملاقات کا احوال ٹوئٹر پر شیئر کرتے ہوئے اسے زبردست قرار دیا

ہفتہ 8 ستمبر 2018 12:38

ملالہ کی کینیڈین وزیراعظم سے ملاقات،
اوٹاوا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 ستمبر2018ء) نوبیل انعام یافتہ پاکستانی ملالہ یوسف زئی نے کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو سے ملاقات کی ہے اور لڑکیوں کی تعلیم کے حوالے سے اظہار خیال کیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جسٹن ٹروڈو نے اس ملاقات کا احوال ٹوئٹر پر شیئر کرتے ہوئے ملاقات کو زبردست قرار دیا اور لکھا کہ ہم نے جی 7 کی صنفی مساوات مشاورتی کونسل کے حوالے سے بات چیت کی اور ہمارا عزم ہے کہ دنیا بھر کی زیادہ سے زیادہ خواتین اور لڑکیاں اسکول جاسکیں۔

ملالہ یوسف زئی نے بھی نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کے وقت دینے اور ہر بچے کی تعلیم کے لیے عہد کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ ملالہ یوسف زئی کا تعلق سوات سے ہے جنہیں 2009 میں 12 برس کی عمر میں اسکول سے واپسی پر دہشت گردوں نے گولیوں کا نشانہ بنایا تھا، جس کے بعد ان کو علاج کے لیے لندن لے جایا گیا اور وہ اب وہیں مقیم ہیں۔

(جاری ہے)

ملالہ اس وقت لندن کی آکسفورڈ یونیورسٹی میں زیر تعلیم ہیں، ساتھ ہی وہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں بچیوں کی تعلیم اور خواتین کے حقوق کے لیے بھی کام کرتی ہیں جس کے لیے ملالہ فنڈز کا قیام عمل میں لایا گیا۔ملالہ کو اپریل 2017 میں کینیڈا کی اعزازی شہریت دی گئی تھی۔ اس موقع پر وزیراعظم جسٹن ٹروڈونے ملالہ کو جہالت کے اندھیروں میں تعلیم کی روشنی قرار دیتے ہوئے ان کے کینیڈین شہری بننے پر خوشی کا اظہار بھی کیا تھا۔