قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے 37 حلقوں کے ضمنی انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد کئے جانے کے خلاف اپیلوں کی سماعت کل اتوار سے شروع ہو گی

ہفتہ 8 ستمبر 2018 14:11

قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے 37 حلقوں کے ضمنی انتخابات میں حصہ لینے والے ..
اسلام آباد ۔08 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 ستمبر2018ء) قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے 37 حلقوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد کئے جانے کے خلاف اپیلوں کی سماعت کل اتوار سے شروع ہو گی جو 13 ستمبر تک جاری رہیں گی۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق امیدواروں کی نظر ثانی شدہ فہرست 14 ستمبر کو جاری کی جائے گی۔

کاغذات نامزدگی 15ستمبر کو واپس لئے جا سکیںگے جبکہ 16 ستمبر کو انتخابی نشانات الاٹ کئے جائیںگے، پولنگ 14اکتوبر کو ہوگی۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے عام انتخابات میں سیاسی جماعتوں اور انتخابی امیدواروں کی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر مانیٹرنگ ٹیموں کے فعال کردار کے بعد 37 قومی و صوبائی حلقوں میں ضمنی انتخاب کے لئے 16 مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 53 اسلام آباد کے لئے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی سربراہی میں تین رکنی مانیٹرنگ ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔ اٹک کے ایک قومی اور ایک صوبائی حلقہ کے لئے ڈپٹی کمشنر اٹک کی سربراہی میں تین تین رکنی دو الگ الگ ٹیمیں بنائی گئی ہیں۔ راولپنڈی میں این اے 60 اور این اے 63 کے لئے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کی سربراہی میں دو الگ الگ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔

این اے 65 چکوال کے لئے ڈپٹی کمشنر چکوال، این اے 69 گجرات کے لئے ڈپٹی کمشنر گجرات کی سربراہی میں ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔ پی پی 27 جہلم کے لئے ڈپٹی کمشنر جہلم، پی پی 87 میانوالی کے لئے ڈپٹی کمشنر میانوالی، این اے 103 فیصل آباد کے لئے ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کی سربراہی میں ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔ پی پی 118 ٹوبہ ٹیک سنگھ کے لئے ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ، ضلع لاہور کے لئے قومی اسمبلی کی 2 اور صوبائی اسمبلی کی 2 نشستوں کے لئے ڈپٹی کمشنر لاہور کی سربراہی میں چار الگ الگ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔

پی پی 201 ساہیوال کے لئے ڈپٹی کمشنر ساہیوال، پی پی 222 ملتان کے لئے ڈپٹی کمشنر ملتان، پی پی 261 رحیم یار خان کے لئے ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان، پی پی 272 مظفر گڑھ کے لئے ڈپٹی کمشنر مظفر گڑھ، پی پی 292 ڈی جی خان کے لئے ڈپٹی کمشنر ڈی جی خان اور پی پی 296 راجن پور کے لئے ڈپٹی کمشنر راجن پور کی سربراہی میں مانیٹرنگ ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔