Live Updates

وزیراعظم عمران خان کا وفاقی کابینہ میں توسیع کا فیصلہ

توسیع شدہ کابینہ میں میاں محمد سومرو، عمرایوب، علی زیدی اورمراد سعید کو قلمدان سونپے جائیں گے

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 8 ستمبر 2018 17:49

وزیراعظم عمران خان کا وفاقی کابینہ میں توسیع کا فیصلہ
اسلام آباد(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔08 ستمبر 2018ء) وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ میں توسیع کا فیصلہ کرلیا ہے، جس کے تحت کابینہ میں مزید وزراء شامل کیے جائیں گے، توسیع شدہ کابینہ میں میاں محمد سومرو،عمر ایوب، علی زیدی اورمراد سعید کو قلمدان سونپے جائیں گے، پہلے مرحلے میں 20 رکنی کابینہ کا اعلان کیا گیا تھا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ترجمان وزیراعظم ہاؤس کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی وفاقی کابینہ میں توسیع کرکے مزید چار وزراء قلمدان سونپے جائیں گے۔

ان ارکان اسمبلی میں میاں محمد سومرو کو وزارت نجکاری کا قلمدان،عمر ایوب کوتوانائی، علی زیدی کوبحری امورکا قلمدان سونپا جائے گا ۔ ترجمان وزیراعظم ہاؤس کے مطابق مراد سعید کے قلمدان کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

دوسرے مرحلے میں بھی کابینہ میں کچھ لوگوں کوشامل کیا گیا تھا۔ واضح رہے اس سے قبل پہلے مرحلے میں وزیراعظم عمران خان نےاٹھارہ اگست کو20 رکنی وفاقی کابینہ بنائی تھی۔

20 رکنی وفاقی کابینہ میں وزارت خارجہ کا قلمدان شاہ محمود قریشی، انسانی حقوق کی وزارت کا قلمدان شیریں مزاری کوسونپا گیا ہے۔ جبکہ غلام سرور خان وزیر پٹرولیم، نورالحق قادری مذہبی امور، فروغ نسیم قانون و انصاف کے وزیر ہوں گے۔ اسی طرح دفاعی پیداوار کیلئے زبیدہ جلال ، اطلاعات ونشریات کیلئے، وزارت ریلوے کا قلمدان شیخ رشید کوسونپ دیا گیا ہے۔

وزیراعظم نے وزارت دفاع پرویز خٹک سونپی ہے جبکہ طارق بشیر چیمہ ریاستی اور سرحدی امور،اسد عمروفاقی وزیرخزانہ ہوں گے۔اسی طرح شفقت محمودفیڈرل ایجوکیشن اینڈ پروفیشنل ٹریننگ،خالد مقبول صدیقی انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن ،فہمیدہ مرزا وزیربین الصوبائی رابطہ اور عامر محمود کیانی وزیرصحت ہوں گے۔اسی طرح وفاقی کابینہ میں 5مشیر بھی نامزد کردیے گئے ہیں۔ان میں ظہیرالدین بابراعوان مشیر پارلیمانی امور، امین اسلم مشیر ماحولیات،ڈاکٹر عشرت حسین کومشیر اصلاحات،عبدالرزاق داؤد کومشیر برائے اقتصادیات اورمحمد شہزاد ارباب مشیر اسٹیبلشمنٹ کونامزد مقرر کیا گیا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات