سپریم کورٹ کا گلگت بلتستان کیلئے شاہین ایئرلائنز کے زائد کرایوں کے معاملے پر تمام فریقین کو آئندہ سماعت پر تجاویز دینے کا حکم

پیر 10 ستمبر 2018 23:59

سپریم کورٹ کا گلگت بلتستان کیلئے شاہین ایئرلائنز کے زائد کرایوں کے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 ستمبر2018ء) سپریم کورٹ نے گلگت بلتستان کیلئے شاہین ایئرلائنز کے زائد کرایوں کے معاملے پر تمام فریقین کو آئندہ سماعت پر گلگت بلتستان آرڈر 2018کیلئے تجاویز دینے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت 2ہفتے کیلئے ملتوی کر دی۔ پیر کو سپریم کورٹ میں گلگت بلتستان کیلئے شاہین ایئر لائنز کے زائد کرایوں سے متعلق کیس کی سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں 3رکنی بینچ نے کی۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ زیر التوائ مقدمات جلد نمٹانے ہیں، اعتزاز احسن نے ڈیم فنڈ میں 20لاکھ روپے جمع کرائے تھے، نعیم بخاری نے بھی 40لاکھ روپے ڈیم فنڈ میں جمع کرائے، اعتزاز احسن نے عدالت میں استفسار کیا کہ میرے پیسوں کے بارے میں کسی کو بتانے کی کیا ضرورت ہے، چیف جسٹس نے کہا کہ اعتزاز صاحب آپ عام آدمی نہیں دانشور ہیں، آپ ہمارے لئے رول ماڈل کی حیثیت رکھتے ہیں، اعتزاز احسن نے بتایا کہ میرے پاس آپ کی باتوں کا جواب دینے کیلئے الفاظ نہیں، چیف جسٹس نے کہا کہ خواجہ حارث بھی اس کیس میں پیش نہیں ہوئے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ تمام فریقین آئندہ سماعت پر گلگت بلتستان آرڈر 2018کیلئے تجاویز دیں، سپریم کورٹ نے سماعت 2ہفتے کیلئے ملتوی کر دی۔