Live Updates

نوازشریف سے اظہار تعزیت کیلئےسعودی سفیرکی ملاقات

سعودی سفیر نے سابق وزیراعظم نوازشریف کوان کی اہلیہ بیگم کلثوم کے انتقال پرسعودی حکومت کا تعزیتی پیغام بھی پہنچایا

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 13 ستمبر 2018 20:08

نوازشریف سے اظہار تعزیت کیلئےسعودی سفیرکی ملاقات
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔13ستمبر 2018ء) مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نوازشریف سے سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے ملاقات کی، جس میں انہوں نے نوازشریف کی اہلیہ سابق خاتون اول کے انتقال پراظہار تعزیت کیا، سعودی سفیر نے نوازشریف کوسعودی حکومتی قیادت کا خصوصی تعزیتی پیغام بھی پہنچایا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی سفیرنواف بن سعید المالکی آج جاتی امراء پہنچ گئے۔

جہاں پر انہوں نے سابق وزیراعظم نوازشریف سے ملاقات کی اور ان کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کے انتقال پراظہار تعزیت کیا۔ سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے نوازشریف کوسعودی حکومتی قیادت کا خصوصی تعزیتی پیغام بھی پہنچایا۔ واضح رہے سابق خاتون اول بیگم کلثوم نوازکی لندن میں نمازجنازہ ادا کردی گئی ہے۔

(جاری ہے)

لندن ریجنٹ پارک مسجدمیں کلثوم نوازکی نمازجنازہ امام شیخ خلیفہ عزت نے پڑھائی۔

نمازجنازہ میں مرحومہ کے صاحبزادے حسن اور حسین نواز، سمدھی اسحاق ڈار، شہبازشریف،چوہدری نثار،عزیز واقارب، سابق وزیراعظم چودھری عبدالمجید سمیت پاکستانی کمیونٹی کے افراد نے شرکت کی۔ دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ بیگم کلثوم نوازکی میت کل صبح6 بجے لاہور ایئرپورٹ پرپہنچ جائے گی۔ کلثوم نواز کی میت پی کے758 کے ذریعے پاکستان لائی جائے گی۔

جس کے بعد ان کی نماز جنازہ جاتی امراء میں شریف میڈیکل سٹی کے گراؤنڈ میں ادا کی جائے گی۔ کلثوم نواز کی تدفین ان کے مرحوم سسرمیاں شریف کے پہلو میں کی جائے گی۔ شہبازشریف کلثوم نوازکی میت لینے کیلئے لندن پہنچ گئے ہیں۔ واضح رہے سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز لندن میں11ستمبر بروزمنگل کوانتقال کرگئی تھیں، کلثوم نوازکینسر کے مرض میں مبتلا تھیں، ایک سال25 دن لندن میں زیرعلاج رہیں، انہیں پھیپھڑوں کی سنگین بیماری کے باعث اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ خالق حقیقی سے جا ملیں۔

کلثوم نواز17اگست 2017 میں کینسر کی بیماری کے علاج کیلئے لندن گئی تھیں۔ گزشتہ سال 22 اگست کوکلثوم نواز کی بیماری کی تصدیق ہوئی تھی۔ بیگم کلثوم نواز13مہینے لندن میں زیرعلاج رہیں۔ سابق خاتون اول بیگم کلثوم نوازکی وفات کے بعد ان کے شوہر سابق وزیراعظم نوازشریف ،بیٹی مریم نواز، داماد کیپٹن ر صفدرجوکہ ایون فیلڈ ریفرنس میں اڈیالہ جیل میں قید کاٹ رہے ہیں ۔ان کوپیرول پررہائی دی گئی۔ تاکہ وہ اپنی اہلیہ کے نمازجنازہ میں شرکت کرسکیں۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات