سرحد چیمبر اورچیئر مین فیڈرل بورڈ آ ف ریونیو کے مابین خیبر پختونخوا کی بزنس کمیونٹی کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے پر اتفاق

سرحد چیمبر کے صدر زاہداللہ شنواری کا طورخم بارڈر پر ایکسپورٹرز کو درپیش مسائل حل کرنے ،ْ ری فنڈز کی ادائیگیوں کا سلسلہ تیز کرنے ،ْ کسٹمز ٹیرف میں پائی جانیوالی خامیوں کو دور کرنے ،ْ معاشی پالیسیوں میں استحکام لانے ،ْ ملٹی آڈٹ کو ختم کرنے کا مطالبہ

ہفتہ 15 ستمبر 2018 19:38

سرحد چیمبر اورچیئر مین فیڈرل بورڈ آ ف ریونیو کے مابین خیبر پختونخوا ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2018ء) سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر زاہداللہ شنواری اورچیئر مین فیڈرل بورڈ آ ف ریونیو محمد جہانزیب خان کے مابین خیبر پختونخوا کی بزنس کمیونٹی کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے پر اتفاق ہوا ہے جبکہ سرحد چیمبر کے صدر زاہداللہ شنواری نے طورخم بارڈر پر ایکسپورٹرز کو درپیش مسائل حل کرنے ،ْ ری فنڈز کی ادائیگیوں کا سلسلہ تیز کرنے ،ْ کسٹمز ٹیرف میں پائی جانیوالی خامیوں کو دور کرنے ،ْ معاشی پالیسیوں میں استحکام لانے ،ْ ملٹی آڈٹ کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور موجودہ وفاقی حکومت کی جانب سے سابق حکومت کے پیش کردہ وفاقی بجٹ پر نظرثانی کرکے ٹیکسوں کی شرح بڑھانے پر بزنس کمیونٹی کے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ موجودہ حالات میں بزنس کمیونٹی مزید ٹیکسوں کی متحمل نہیں ہوسکتی ۔

(جاری ہے)

حکومت کاروباری طبقے کو ریلیف فراہم کرے۔ تفصیلات کے مطابق سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر زاہداللہ شنواری کی سربراہی میں چیمبر کے سابق صدر حاجی محمد آصف اور حاجی محمد اختر نے چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو محمد جہانزیب خان سے گذشتہ روز اسلام آباد میں ملاقات کی ۔ سرحد چیمبر کے صدر زاہداللہ شنواری نے چیئرمین ایف بی آر کو طورخم بارڈر پر بزنس کمیونٹی کے مسائل سے آگاہ کیا ۔

انہوں نے بتایا کہ افغانستان ایکسپورٹ ہونیوالے آٹے کے ٹرک ناجائز طور پر روکے گئے ہیں جس کی وجہ سے خیبر پختونخوا کی فلور ملنگ انڈسٹری متاثر ہورہی ہے۔ انہوں نے افغانستان ایکسپورٹ ہونیوالی شہد کے بکسز پر کسٹمز حکام کی جانب سے 1300 روپے وصولی پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ ایف بی آر کے ماتحت محکموں کی بعض پالیسیوں کی وجہ سے شہد سمیت ایکسپورٹ ہونیوالی مصنوعات کی برآمدات متاثر ہو رہی ہیں۔

زاہداللہ شنواری نے کسٹمز ٹیرف میں پائی جانیوالی بعض خامیوں کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ اس وجہ سے ٹیکسٹائل کی صنعت متاثر ہو رہی ہے ۔ انہوں نے خیبر پختونخوا کی بزنس کمیونٹی کے پھنسے ہوئے ری فنڈز کی جلد از جلد ادائیگی کا معاملہ بھی اٹھایا اور کہا کہ ایف بی آر بزنس فرینڈلی پالیسیاں اپنائے اور دہشت گردی اور انتہاء پسندی سے متاثرہ اس صوبے کے صنعتکاروں اور تاجروں کو ری فنڈز کی بروقت ادائیگیوں کا سلسلہ تیز کیا جائے ۔

سرحد چیمبر کے صدر زاہداللہ شنواری نے موجودہ وفاقی حکومت کی جانب سے 400 ارب روپے کے اضافی ٹیکس عائد کرنے سمیت 12 لاکھ روپے تک سالانہ آمدن والوں کو انکم ٹیکس میں دیئے جانیوالے استثنیٰ کو کم کرکے 4 لاکھ روپے تک لانے سمیت 5900 آئٹمز پر ریگولیٹری ڈیوٹی عائد کرنے کے ممکنہ فیصلے پر بھی تحفظات کا اظہار کیا اور کہا کہ موجودہ حالات میں ملکی معیشت پہلے ہی زبوں حالی کا شکار ہے اور حکومت کی جانب سے اس قسم کے اقدامات سے صنعت و تجارت کا شعبہ بری طرح متاثر ہوگا اور ملک میں مہنگائی کا نہ ختم ہونیوالا سلسلہ شروع ہوجائے گا جس سے بے روزگاری بھی بڑھے گی اور عوامی مشکلات میں اضافہ ہوگا۔

سرحد چیمبر کے صدر زاہداللہ شنواری نے ایف بی آر کے چیئرمین کو سرحد چیمبر آنے کی دعوت بھی دی۔ چیئرمین ایف بی آر محمد جہانزیب خان نے سرحد چیمبر کے صدر زاہداللہ شنواری کی جانب سے پیش کردہ گذارشات اور تحفظات سے اتفاق کیا اور انہیں یقین دلایا کہ ایف بی آر بزنس کمیونٹی بالخصوص خیبر پختونخوا کے صنعتکاروں اور تاجروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی بھرپور کوشش کرے گا ۔

انہوں نے طورخم بارڈر پر روکے گئے آٹے کے ٹرکوں کو فوری طور پر ریلیز کرنے کے احکامات جاری کئے جبکہ افغانستان ایکسپورٹ ہونیوالی شہد کے بکسز پر کسٹمز حکام کی جانب سے 1300 روپے وصولی کے معاملے کی فوری تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے اس اقدام کو غیر آئینی قرار دیا اور سرحد چیمبر کے صدر کو یقین دلایا کہ ایف بی آر بزنس فرینڈلی ٹیکس پالیسیوں کے نفاذ کا خواہش مند ہے اور ایسے ہر اقدام کی نفی کی جائے گی جس سے ایکسپورٹ کا عمل متاثر ہوتا ہو ۔

چیئرمین ایف بی آر نے سرحد چیمبر کے صدر زاہداللہ شنواری کی جانب سے ٹیکس ری فنڈز کی ادائیگیوںکا سلسلہ تیز کرنے کی تجویز سے بھی اتفاق کیا اور انہیں یقین دلایا کہ ٹیکس ری فنڈز کی ادائیگیوں کے لئے متعلقہ کلکٹریٹ کو ہدایات جاری کی جائیں گی ۔ انہوں نے ملٹی آڈٹ کرنے کے عمل پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ اس سلسلے میں متعلقہ حکام کو فوری ہدایات جاری کریں گے۔ سرحد چیمبر کے صدر زاہداللہ شنواری نے بزنس کمیونٹی کے مسائل ہمدردانہ طور پر سننے اور ان کے حل کیلئے فوری احکامات جاری کرنے پر چیئرمین ایف بی آر محمد جہانزیب خان کا شکریہ ادا کیا۔