لاہور ، حمزہ شہباز کی رہائش گاہ کے باہر رکاوٹیں لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج

پیر 17 ستمبر 2018 20:00

لاہور ، حمزہ شہباز کی رہائش گاہ کے باہر رکاوٹیں لاہور ہائیکورٹ میں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 ستمبر2018ء) پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کی رہائش گاہ کے باہر رکاوٹوں کھڑی کرنے کے اقدام کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا ہے اور درخواست میں نکتہ اٹھایا گیا کہ رکاوٹیں کھڑی کرکے سڑک کو بند کرنا آئین کے منافی ہے۔مقامی شہری منیر احمد نے اظہر صدیق ایڈوووکیٹ کے ذریعے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی جس میں پنجاب حکومت، ہوم سیکرٹری اور ڈی جی ایل ڈی اے اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

درخواست میں نشاندہی کی گئی کہ جوڈیشل کالونی میں حمزہ شہباز نے اپنے گھر کے پیچھے گلی میں رکاوٹیں کھڑی کی ہیں۔ سرکاری زمین پر جنریٹر مرغیوں کے لیے پنجرہ تعمیر کر کے رکاوٹیں بنائی گئی ہیں ۔ درخواست میں قانونی نکتہ اٹھایا گیا ہے کہ سکیورٹی کے نام پر رکاوٹیں قائم کرنا آئین کے آرٹیکل کی شقوں کے منافی ہے۔ درخواست میں نشاندہی کی گئی کہ سپریم کورٹ کے احکامات کے باوجود سڑک پر رکاوٹیں قائم کی گئی ہیں اس لیے عدالت حمزہ شہباز کے گھر سے رکاوٹیں ختم کرانے کا حکم دے۔