ڈپٹی کمشنر سکھر کا ہائی اسکول سکھر نمبر -1 اور مین پرائمری اسکول سکھر کا دورہ

منگل 18 ستمبر 2018 18:34

سکھر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2018ء) ڈپٹی کمشنر سکھر غلام مرتضیٰ شیخ نے گورنمنٹ ہائی سکول سکھر نمبر -1 اور مین پرائمری سکول سکھر کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے گورنمنٹ ہائی اسکول نمبر -1میں صفائی ستھرائی، فرنیچر، عمارت کی زبوں حالی اور بچوںکی غیر حاضری پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسکول کے انتظامی معاملات میں سست روی کے باعث بچوں کی حاضری بہت کم ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسکولوں میں بچوں کی حاضری بڑھانے کے لیے اسکول ہیڈ ماسٹررز کو چاہئے کہ وہ والدین اور اساتذہ کی مشترکہ میٹنگز منعقد کریں تاکہ بچوں کی سکولوں میں حاضری کو یقینی بنایا جا سکے، کیونکہ یہ بچے قوم کا مستقبل اور سرمایہ ہے ، انہیں سنوارنا اساتذہ ، والدین اور انتظامیہ کی اہم ذمہ داری ہے ۔ علاوہ ازیں انہوںنے کہا کہ اسکول انتظامیہ کو چاہیے کہ وہ اسکول کے ماحول پر توجہ دیں ۔ ڈی سی سکھر نے اسکول کے بچوں سے مخاطب ہوکر کہا کہ وہ محنت کریں اور پڑھ لکھ کر ملک و قوم کا نام روشن کریں۔