تما م محکموں میں ایڈہاک کام ہوا ، توانائی کے شعبے میں9ارب واجب الادا ہیں‘عبدالعلیم خان

بھکی، سولر پارک اور بجلی کے منصوبوں کی تفصیلات ہوش ربا ہیں،حقائق سامنے لائیں گے ‘سینئر صوبائی وزیر کا اجلاس سے خطاب

منگل 18 ستمبر 2018 19:00

تما م محکموں میں ایڈہاک کام ہوا ، توانائی کے شعبے میں9ارب واجب الادا ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2018ء) سینئر صوبائی وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پنجاب کے تمام شعبوں میں ڈنگ ٹپاؤ اور ایڈہاک ازم کی پالیسی اختیار کی گئی اور صورتحال اس قدر افسوسناک ہے کہ صرف توانائی کے شعبے میںکمپنیوں کے ذمی9ارب روپے واجب الادا ہیں جن پر فوری کاروائی نہ ہوئی تو لوڈ شیڈنگ میں مزید 2سی4گھنٹوں کا اضافہ ہو سکتا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار سینئر وزیر نے محکمہ توانائی کے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں بھکی ، سولر پارک ،تھرمل و کول پراجیکٹ اور بجلی کے مختلف منصوبوں پر غور و خوض کیا گیا ، سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ گزشتہ دور حکومت میں لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے نام پر اربوں روپے لٹائے گئے اور کئی ایک منصوبوں میں کاغذی اور اشتہاری کام پر سرکاری فنڈز کا بے دریغ استعمال کیا گیا جس سے اصل حقائق منظر عام پر لائیں گے ،انہوں نے کہا کہ ان کی ذاتی کاوشوں سے بھکی پاور پلانٹ کی گیس کی بندش کو عارضی طور پر روکا گیا ہے اور پنجاب کے پاور سیکٹر میں واجب الادا رقوم پر اب آئندہ ہفتے اسلام آباد میں اجلاس ہوگا جس میں وفاقی وزراء اور حکام سے ان ادائیگیوں کیلئے بات چیت کی جائے گی تاکہ عملی طور پر پیش رفت ہوسکے اور توانائی کے منصوبوں کو مستقل بنیادوں پر جاری رکھا جا سکے۔

(جاری ہے)

سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان کی زیر صدارت صحت ، تعلیم ،صنعت ،سیاحت اور ویمن ڈویلپمنٹ کے محکموں کے اعلیٰ سطحی اجلاس بھی منعقد ہوئے جن میں صوبائی وزراء اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹری صاحبان شریک ہوئے اور 100روزہ پلان کے بارے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ،سینئر وزیر نے کہا کہ ہر محکمے میں ہمیں ان100دنوں میں ایسی ٹھوس اور جامع منصوبہ بند ی پیش کرنی ہے جس پر آئندہ برسوں میں عملدرآمد کر کے عوام کو زندگی کی بنیادی سہولتوں کی فوری اور کم لاگت فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ موجودہ حکومت ورثے میں ملنے والے مسائل کے حل کیلئے پر عزم ہے اور انشاء اللہ تمام وسائل برؤئے کار لاتے ہوئے عوام سے کیے ہوئے وعدوں کو پورا کرنے کیلئے دن رات کام کرینگے ۔

دریں اثناء سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان سے صوبائی وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت اور وزیر آبپاشی محسن لغاری نے بھی 90شاہرائے قائد اعظم پر ملاقات کی اور اپنے محکموں کی کارکردگی پر تبادلہ خیال کیا ،سینئر وزیر نے اپنی گفتگو میں کہا کہ پنجاب حکومت آئندہ بجٹ کیلئے ٹھوس بنیادوں پر اقدامات کرے گی ،اسی طرح آبپاشی کے شعبے میں زیر التوا امور کو جلد از جلد حل کیا جائے گا،عبدالعلیم خان نے دونوں وزراء کو اُن کے محکمانہ مسائل کے حل میں اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ۔