صوبائی وزیر صنعت کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں اہم اجلاس ،

بعض سکیموں پر عدم اطمینان اوران سکیموں کی سست روی پر اظہارناراضگی ترقیاتی سکیموں میں سرمایہ کاری کے ثمرات ہر قیمت پر عوام تک پہنچنے چاہئیں، وسائل قوم کی امانت ہیں اور ایک ایک پائی عوام کی فلاح و بہود پر خرچ ہونی چاہیے، سابق حکمرانوں کی غلط ترجیحات کے باعث معاشی حالات ابتر ہوئے،ہمیں انہیں سدھارنا ہے ‘میاں اسلم اقبال

بدھ 19 ستمبر 2018 16:19

صوبائی وزیر صنعت کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں اہم اجلاس ،
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2018ء) صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔جس میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت محکمہ صنعت وتجارت کی جاری ومجوزہ سکیموں کا جائزہ لیا گیا۔صوبائی وزیر صنعت وتجارت نے بعض سکیموں پر عدم اطمینان اوران سکیموں کی سست روی پر ناراضگی کا اظہار کیا۔

صوبائی وزیر صنعت نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی سکیموں میں سرمایہ کاری کے ثمرات ہر قیمت پر عوام تک پہنچنے چاہئیں۔ایسی سکیمیں لائی جائیں جس سے برآمدات میں اضافہ ہو۔کیونکہ قومی معیشت کی مضبوطی کے لئے برآمدات بڑھانا وقت کی ضرورت ہے۔میاں اسلم اقبال نے کہا کہ ترقیاتی سکیموںمیں سست روی اور نتائج نہ آنا قابل افسوس ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وسائل قوم کی امانت ہیں اور ایک ایک پائی عوام کی فلاح و بہود پر خرچ ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ صنعتوں کوفروغ دے کر غربت اور بے روزگاری جیسے مسائل پر قابو پایا جا سکتا ہے۔اس لئے ایسی سکیمیں لائی جائیں جس سے روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا ہوں۔انہوں نے کہا کہ سابق حکمرانوں کی غلط ترجیحات کے باعث معاشی حالات ابتر ہوئے ہیں اور ہمیں برے معاشی حالات کو سدھارنے کے لئے محنت ،عزم اور جذبے کے ساتھ کام کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں کاروباری، صنعتی اور تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے آسانیاں پیدا کی جائیں۔آج ٹیکنالوجی کادور ہے اور مسائل کا حل ٹیکنالوجی کے ذریعے ممکن ہے۔اس لئے انڈسٹریل سیکٹر میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کو فروغ دیا جائے اور محکمہ صنعت کے تمام ذیلی ادارے مربوط انداز سے کام کریںصنعتی اور تجارتی سرگرمیاں بڑھانے کے لئے روایتی طریقوں سے ہٹ کر جدید ٹیکنالوجی کو اپنانا ہو گا۔اجلاس میں سیکرٹری صنعت اور محکمہ صنعت کے ذیلی اداروں کے افسران نے شرکت کی اور اپنے اداروں کے زیر اہتمام جاری اور مجوزہ ترقیاتی سکیموں کے بارے میں بریفنگ دی۔

متعلقہ عنوان :