پاکستانی پوری دنیا میں ذہانت اور محنت میں کسی سے کم نہیں ہیں، احسن اقبال

فتح کو کھیل کے میدان میں نہیں جیتا جاتا بلکہ اپنے ذہن کے اندر جیت کو بٹھانا ہوتا ہے، وفاقی وزیر

جمعہ 17 مئی 2024 18:07

پاکستانی پوری دنیا میں ذہانت اور محنت میں کسی سے کم نہیں ہیں، احسن اقبال
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2024ء) وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ و منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستانی پوری دنیا میں ذہانت اور محنت میں کسی سے کم نہیں ہیں، فتح کو کھیل کے میدان میں نہیں جیتا جاتا بلکہ اپنے ذہن کے اندر جیت کو بٹھانا ہوتا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار قومی سپورٹس کانفرنس 2024 کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ کھیلوں کی نشاط ثانیہ کے لحاظ سے آج کی کانفرنس بہت اہمیت کی حامل ہے، پاکستان میں کھلاڑیوں کی گیلیکسی موجود ہے، کانفرنس کا مقصد کھلاڑیوں کو وسیع البنیاد سپورٹ مہیا کرنا ہے، پاکستانی پوری دنیا میں ذہانت اور محنت میں کسی سے کم نہیں ہیں، فتح کو کھیل کے میدان میں نہیں جیتا جاتا بلکہ اپنے ذہن کے اندر جیت کو بٹھانا ہوتا ہے، اولمپکس میں 25 کروڑ کی آبادی 5 کھیلوں میں بھی کوالیفائی نہیں کر پائی، افسوس ہے پاکستان کھیلوں کے شعبے میں پستی کا شکار ہوگیاہے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمیں معلوم ہے بھارت کھیلوں کے شعبے میں کہاں سے کہاں ترقی کر گیا ہے لیکن اب دائروں کا سفر ختم کر کے ترقی کا نیا باب رقم کرنا ہے، 2047 میں دو ممالک نے اپنی آزادی کے سو سال کا حساب دینا ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ 2028 اولمپکس کی پاکستان کو ابھی سے تیاری شروع کرنی ہے، 2025 میں سیف گیمز کی میزبانی کریں گے، پاکستان کو پہلی دس معیشتوں میں شامل ہونا ہے جس میں کھیلوں کا شعبہ بھی شامل ہے، سپورٹس کی ترقی کے لئے غیرملکی بہترین کوچز ہائر کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک میں چین سے کھیلوں میں بھی تعاون لیں گے، کھلاڑی غریب گھر سے نکلتا ہے، ایسی حکومت جو کھیلوں کی ترجمان ہو اس نے ڈیپارٹمنٹل سپورٹس کو ختم کر دیا، تمام ڈیپارٹمنٹس کو خط لکھوں گا کہ ایک ہفتے میں کھیلوں کو بحال کریں، ہاکی آسٹرو ٹرف پر آ گئی لیکن پاکستان میں کھلاڑی گراس پر کھیلتے رہے اور تنزلی کا شکار ہوگئے، ہاکی کی 7 آسٹروٹرف بنانیکا پلان ہے، چار بنا چکے ہیں، کھلاڑیوں کی ویلفیئر کے لیے این ڈوومینٹ فنڈ بھی قائم کر رہیہیں تاکہ ان کا مستقبل محفوظ ہو اور وہ دل جمعی سے کھیل پر توجہ دیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ کھیلوں کی فیڈریشنز کو بھی ایمانداری اور محنت سے کام کرنا پڑیگا، کھیلوں کو سیاست سے بالاتر رکھنا چاہیے، کھیلوں میں سیاست کی مداخلت ہوئی تو کھلاڑی تباہ ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں سے شدید دلچسپی ہے، نارووال سپورٹس سٹی بنانے کی پاداش میں اڈیالہ جیل میں قید کر دیا گیا، اپنے آپ کو کپتان کہنے والے صاحب نے نارووال سپورٹس سٹی کے فنڈز بند کر دیئے جس سے منصوبے پر لاگت کئی گنا بڑھ گئی، ہم نے گیارہ ہزار میگاواٹ سسٹم میں شامل کر کے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا، دہشت گردی کا خاتمہ کرنے کے لئے آپریشن ردالفساد کیا ، شہر کراچی کی روشنیاں بحال کیں۔