شارجہ:بیوی اور اُس کے آشنا پر تیزاب پھینک کر ہلاک کرنے والا شخص گرفتار

ملزم قتل کی واردات کے بعد فرار ہونے کی کوشش میں ایئرپورٹ سے پکڑا گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 19 ستمبر 2018 16:15

شارجہ:بیوی اور اُس کے آشنا پر تیزاب پھینک کر ہلاک کرنے والا شخص گرفتار
شارجہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19 ستمبر 2018ء) پولیس نے ایک سری لنکن شہری کو اپنی بیوی اور اُس کے آشنا پر تیزاب پھینک کر ہلاک کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا۔ اس واقعے میں ملزم کی بیوی موقع پر ہی ہلاک ہو گئی تھی جبکہ اُس کا آشنا تیزاب کے باعث شدید جھُلس گیا تھا جو چند مہینے ہسپتال میں زیر علاج رہنے کے بعد جانبر ن ہو سکا۔ پرِشنی نامی سری لنکن شہری کو اُس وقت گرفتار کیا جب وہ واردات کو انجام دینے کے بعد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر امارات سے فرار ہونے کے لیے فلائٹ کا انتظار کر رہا تھا۔

پولیس کے مطابق ملزم نے اپنی بیوی اور اُس کے آشنا کو قابلِ اعتراض حالت میں دیکھ کر اُن پر تیزاب اُنڈیل دیا جس سے وہ دونوں بُری طرح جھُلس کر موت کے گھاٹ اُتر گئے۔ ملزم کے مطابق وہ تصور بھی نہیں کر سکتا تھا کہ اُس کی بیوی اُسے دھوکا دے گی کیونکہ طویل عرصے کے معاشقے کے بعد اُنہوں نے شادی کی تھی۔

(جاری ہے)

تاہم کچھ عرصہ سے اُس کی بیوی کا رویہ بدل گیا تھا۔

ملزم کے مطابق وہ واردات سے کچھ روز قبل ایک بزنس ڈیل کے سلسلے میں اپنے آبائی وطن سری لنکا گیا جہاں اُسے 20 روز کے لیے قیام کرنا تھا۔ اپنی بیوی کو وہ امارات میں ہی چھوڑ گیا تھا۔ تاہم سری لنکا جانے کے ایک ہفتے بعد وہ اپنا فیس بُک چیک کر رہا تھا جہاں اُسے ایک تصویر دکھائی دی جس میں اُس کی بیوی ایک اجنبی شخص کے ساتھ کھڑی تھی۔ اُسے کچھ شک پڑا اور اُس نے خاموشی کے ساتھ وقت سے پہلے امارات جانے کا فیصلہ کر لیا اور اگلے دِن ہی فوری طور پر دُبئی پہنچ گیا۔

وہاں وہ کچھ دِن تک ایک ہوٹل میں مقیم رہا اور اپنی بیوی اور اُس کے آشنا کی حرکات پر نظر رکھتا رہا۔ ایک روز بیوی اور آشنا ایک اپارٹمنٹ میں داخل ہوئے، جس کا داخلی دروازہ وہ لاک کرنا بھول گئے۔ ملزم دروازے سے اندر داخل ہوا اور سیدھا بیڈ روم کے اندر گیا تو اُسے دونوں مقتولین جنسی عمل میں مصروف نظر آئے جس پر ملزم نے اپنے پاس موجود تیزاب اُن پر چھڑک کر ہلاک کر دیا۔ ملزم کے خلاف عدالتی کارروائی شروع ہو گئی ہے۔