ہزارہ موٹروے کے حویلیاں تامانسہرہ سیکشن پر کام کی رفتارتیز کی جائے،مشتاق غنی

حسن ابدال تامانسہرہ روڈ پر ٹریفک کا بہت زیادہ دباؤہے جس کے باعث مسافروں کو چند کلومیٹر طے کرنے کیلئے بسااوقات گھنٹوں لگ جاتے ہیں،سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی

جمعرات 20 ستمبر 2018 18:41

ہزارہ موٹروے کے حویلیاں تامانسہرہ سیکشن پر کام کی رفتارتیز کی جائے،مشتاق ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2018ء) سپیکر خیبرپختونخوااسمبلی مشتاق احمد غنی نے کہا ہے کہ ہزارہ موٹروے کے حویلیاں تامانسہرہ سیکشن پر کام کی رفتارتیز کی جائے مذکورہ سیکشن کو عوام کی آمدورفت کیلئے جون 2019تک مکمل کیا جائے ۔انہوںنے ان خیالات کا اظہار صوبائی اسمبلی کے کانفرنس روم میں ایک بریفنگ کے دوران جنرل منیجر این ایچ اے کو ہدایات دیتے ہوئے کیا ۔

سپیکر نے کہا کہ حسن ابدال تامانسہرہ روڈ پر ٹریفک کا بہت زیادہ دباؤہے جس کے باعث مسافروں کو چند کلومیٹر طے کرنے کیلئے بسااوقات گھنٹوں لگ جاتے ہیں۔انہوںنے کہا کہ بحیثیت عوامی نمائندے ہمارا فرض ہے کہ ہم عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کیلئے اقدامات کریں ۔انہوںنے کہا کہ برہان تا شاہ مقصود موٹروے بننے سے عوام کو بہترین سفری سہولت میسر ہو جانے کے ساتھ ساتھ مسافروں کے وقت کا بے جاضیاع کا بھی تدارک ہو گیا ہے ۔

(جاری ہے)

سپیکر نے این ایچ اے حکام کو ہدایت کی کہ حویلیاں تامانسہرہ روڈ کا تعمیراتی کام تیز تر کیا جائے ۔تاکہ ایبٹ آباد شہر پر گاڑیوں کے بے ہنگم دباؤمیں کمی لائی جاسکے۔انہوںنے ہدایت کی کہ ایبٹ آباد تک موٹروے کا تعمیراتی کام جنوری 2019تک مکمل کیا جائے جبکہ حویلیاں تامانسہرہ تک روڈ کو جون 2019تک پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے جنرل منیجر این ایچ اے نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ہزارہ موٹر وے پرکا م جاری ہے لیکن پہاڑی اور دشوارگزار علاقوں کے باعث تعمیراتی کاموں میں بعض اوقات مشکلات کا سامنا کرنا پڑتاہے لیکن ہماری کوشش ہے کہ ہزارہ موٹر وے کا کام بغیر کسی رکاوٹ کے اپنے متعین اوقات میں پایہ تکمیل تک پہنچئے ۔

انہوںنے بتایا کہ اب تک ٹھیکہ داروں کو 86ؓبلین روپے کی ادائیگی کی جاچکی ہے جبکہ اس کی ٹوٹل کاسٹ 133بلین روپے ہے ۔قبل ازیں سپیکر مشتاق احمد غنی نے چیف ایگزیکٹیوپیسکو محمد امجد سے صوبائی اسمبلی پشاور میں بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ایبٹ آباد شہر میں خطرے کا باعث بننے والی اور بوسیدہ بجلی کی تاروں کو جلد ازجلد تبدیل کیا جائے تاکہ کسی جانی ومالی نقصان سے پیشگی بچاؤکیا جاسکے ۔

سپیکر نے چیف ایکزیکٹیوکو ایبٹ آباد میں اربن فیڈر کی تنصیب کیلئے بھی جلد ازجلد اقدامات کرنے کی ہدایت کی تاکہ ایبٹ آباد کے عوام کو لوڈشیڈنگ اور کم وولٹیج جیسی درپیش مشکلات سے نجات دلائی جاسکے۔انہوںنے اس موقع پر احکامات جاری کئے کہ ایبٹ آباد میں پیسکو کے اسٹاف میں بھی اضافہ کیا جائے تاکہ عوامی مسائل حل ہو سکیں ۔سپیکر نے پیسکو حکام کو ہدایت کی کہ وہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ پر قابو پائیں اور کم وولٹیج کے مسئلے پر بھی جلد ازجلد حل تلاش کریں ۔