حضرت امام حسینؓ کا فلسفہ شہادت ظلم، جبر اور آمریت کیخلاف جدوجہد کیلئے مشعل راہ ہے، آصف علی زرداری

امام عالی مقام کی مثال نے ہمیں ناانصافی اور زیادتی سے لڑنا سکھایا ہے، عوام آپس میں اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں، سابق صدر کا یوم عاشور پر پیغام

جمعرات 20 ستمبر 2018 18:47

حضرت امام حسینؓ کا فلسفہ شہادت ظلم، جبر اور آمریت کیخلاف جدوجہد کیلئے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2018ء) سابق صدر پاکستان اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ امام عالی مقام حضرت امام حسینؓ کا فلسفہ شہادت ظلم، جبر اور آمریت کے خلاف جدوجہد کے لئے مشعل راہ ہے۔ یوم عاشور پر ایک پیغام میں سابق صدر نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ نے انسانی زندگی کے لئے سنہری اصول متعارف کرائے۔

انہوں نے کہا کہ کربلا کا میدان حق اور باطل کے درمیان معرکہ تھا جس میں حق فتحیاب ہوا جبکہ باطل کو شکست ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ نواسہ رسولؐ کی عملی زندگی کو مشعل راہ بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ امام عالی مقام کی مثال نے ہمیں ناانصافی اور زیادتی سے لڑنا سکھایا ہے۔ آج ظلم اور جھوٹ کی شیطانی قوتیں ایک مرتبہ پھر عسکریت پسندی اور نام نہاد جہادی تنظیموں کی شکل میں سر اٹھا رہی ہیں اور ان لوگوں نے اپنے جھوٹے نظریے کے نام پر پورے ملک میں تباہی پھیلائی ہے۔

(جاری ہے)

آج یوم عاشور ہم سے تقاضا کرتا ہے کہ ہم اپنی تمام طاقت اورقوت سے اس سوچ اور ایسی قوتوں کا خاتمہ کردیں۔ سابق صدر نے عوام سے کہا کہ آپس میں اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ آج یکجہتی اور برداشت کی جتنی ضرورت ہے اتنی پہلے کبھی نہیں تھی۔