حضرت امام حسین ؓ کے پیروکار کسی طرح بھی استحصالی نظام کا حصہ نہیں بن سکتے‘سراج الحق

حضرت امام حسین ؓ کربلا کے دن بھی زندہ تھے ، آج بھی زندہ ہیں اور قیامت تک زندہ رہیں گے جبکہ یزید کربلا کے دن ہی مر گیا تھا

جمعرات 20 ستمبر 2018 19:21

حضرت امام حسین ؓ کے پیروکار کسی طرح بھی استحصالی نظام کا حصہ نہیں بن ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2018ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے عاشورہ محرم کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہاہے کہ نواسہٴ رسول صلی اللہ علیہ وسلم و جگر گوشہ ٴ بتول ؓحضرت امام حسین ؓ نے جس عظیم مقصد کے لیے اپنی، اپنے خاندان اور 72 جانثاروں کی جانیں میدان کربلا میںقربان کی تھیں ، جب تک اس مقصد کے حصول کو ہم اپنی زندگیوں کا مقصد نہیں بناتے ، ملک سے ظلم و جبر اور یزیدی نظام کا خاتمہ نہیں ہوسکتا ۔

حضرت امام حسین ؓ کے پیروکار کسی طرح بھی استحصالی نظام کا حصہ نہیں بن سکتے ۔ پاکستان کو ایک اسلامی و فلاحی ریاست بنانے کے لیے حضرت امام حسین ؓ کی تعلیمات اور اسوہ ہمارے لیے مشعل راہ ہے ۔ حضرت امام حسین ؓ کربلا کے دن بھی زندہ تھے ، آج بھی زندہ ہیں اور قیامت تک زندہ رہیں گے جبکہ یزید کربلا کے دن ہی مر گیا تھا ۔

(جاری ہے)

حضرت امام حسینؓ نے جس یزیدی نظام کے خلاف لڑتے ہوئے اپنی جان قربان کی تھی ، کوئی بھی صاحب ایمان اس نظام کوبرداشت نہیں کرسکتا ۔

سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ اس وقت عالم اسلام ظلم و جبر اور استحصال کا شکار ہے ۔طاغوتی طاقتیں متحد ہیں اور امت مسلمہ کے حکمران اپنے ذاتی مفادات کی وجہ سے انتشار کا شکار ہیں ۔ استعمار انہیں الگ الگ کر کے ظلم کی چکی میں پیس رہاہے اور کوئی مسلمان ملک ان کی مدد کو نہیں پہنچ رہا ہے، ان حالات میں اتحاد عالم اسلامی وقت کی سب سے بڑی اور اہم ضرورت ہے ۔