شہدائے کربلا کی قربانی و فاداری اور خلوص کی ناقابل فراموش مثال ہے۔ چیئرمین سید نیئر رضا

جمعہ 21 ستمبر 2018 21:20

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2018ء) چیئرمین سید نیئر رضانے اپنے بیان میں کہا ہے کہ نواسہ رسول ﷺحضرت امام حسینؓ کی شہادت عالم اسلام کا کرب ناک سانحہ ہے آپ نے دین کی بنیادی اقدار اور سچائی کے اظہار کے لئے میدان کربلا میں اپنی اور اہل بیت رسول کی جانوں کا نذرانہ دے کر دین اسلام کو حیات بخشی اور اسلام کے سر فروشوں نے انسانیت کے فروغ اور حق و انصاف کی سر بلندی کے لئے میدان کربلا میں انسانیت کو جینے کا سلیقہ سکھایا اور ظالم و جا بر حکمرانوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرنے کا حوصلہ بخشا۔

کربلا کے شہیدوں نے انسانیت کی عظیم و جلالت کو واضح کیا اور رہتی دنیا تک ایسا نمونہ پیش کیا جسے کسی بھی دور کا انسان فراموش نہیں کرسکے گا۔ امام عالی مقام کی قربانی و فاداری اور خلوص کی ایک عظیم علامت ہے آپ نے زبردست تحمل اور برد باری سے تمام مصائب کو برداشت کیا اور اپنی آنکھوں کے سامنے اپنے پیاروں کو شہید ہوتے دیکھا ۔

(جاری ہے)

آپ نے اپنے خون سے حد فاصل قائم کر کے یہ بتا دیا کہ نظام اسلام کا اصل نمونہ کیا ہے آپ نے سر کٹا کر نانا کی امت کو بچا لیا اور دین اسلام کا پرچم سر بلند کیا ۔

آپ نے زندگی بچانے کی مصلحت سے کام نہیں لیا اور بدی کے سامنے سینہ سپر ہوگئے آپ اور آپ کے ساتھیوں نے میدان کربلا میں بہادری اور بے خوفی سے لڑتے ہوئے اپنا اور اپنی اولاد کا خون دے کر دین اسلام کو بچا لیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وائس چیئرمین سید احمر علی ،میونسپل کمشنر شاہد علی ،اراکین اسمبلی و دیگر کے ہمراہ یوم عاشورمیں نکالے جانے والے جلوسوں کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر انہوں نے ڈسٹرکٹ کورنگی میں بر آمد ہونے والے جلوسوں کے شرکاء میں شرینی اور شربت بھی تقسیم کیا ۔انہوں نے کہا ہے کہ حضرت امام حسین ؓکربلا کے تپتے ہوئے صحرا میں قیامت خیز گرمی اور دھوپ میں بھوکے پیاسے مگر اللہ اور اس کے پیارے رسولﷺکی محبت اور اطاعت میں سر شار ہو کر اپنے عزیز و اقارب اور اپنے اصحاب سمیت شہادت کے عظیم منصب سے شر ف یاب ہوئے اور توحید و رسالت اور دین حق و رسالت کی سر بلندی حق گوئی اور سچائی کی خاطر اللہ کی راہ میں اپنا سب کچھ قر بان کر دیا ۔

انہوں نے مزید کہا کہ حضرت امام حسینؓ نے تین دن بھوک اور پیاس ،عزیز و انصار کی شہادت کے باوجود بہادری کے وہ جوہر دکھائے جس سے دشمن کے جوڑو بند کانپنے لگے۔حضرت امام حسین ؓنے یہ ثابت کیا کہ اگر یقین محکم اور مقصد نیک ہوتو راہ حق میں آنے والے مسائل اور باطل قوتوں کی دولت اور طاقت کوئی اہمیت نہیں رکھتی آپ کی شجاعت اور جرات مظلوم اور استحصال زدہ قوموں کے لئے قوت مقاومت فراہم کرتی رہی رہے گی ۔

واقعہ کربلا ہمیں ظالم کے خلاف ڈٹ جانے کا درس دیتا ہے شہدا ئے کربلا کی قربانی روشنی کا وہ مینار ہے جس کی روشنی سے ہم زندگی کے تمام گوشے منور کر سکتے ہیں ۔حضرت امام حسین ؓنے اسلام کی بقا اور سر بلندی کے لئے اپنا سب کچھ قر بان کر دیا آپ اپنی جان قر بان نہ کرتے تو ظلم اور بڑھ جاتا اور دین کی دشمن قوتیں اسلام کو مزید نقصان پہنچاتی لیکن حضرت امام حسین ؓنے علم جہاد بلند کیا اور یزیدی قوتوں سے سخت جنگ کر کے اسلام کو یزیدیت کے خونی پنجے سے ہمیشہ کے لئے نجات دلا دی آپ نے بہادری سے اپنی جان دے کر سر کٹا لیا لیکن یزیدی قوتیں آپ کے سر کو جھکا نہیں سکی۔

قبل ازیں چیئرمین سید نیئر رضا نے ڈسٹرکٹ کورنگی میں مختلف سیاسی و مذہبی تنظیموں کی جانب سے لگائے گئے کیمپوں کا دورہ بھی کیا ۔