کوہاٹ کالج ٹاؤن کے درجنوں مشتعل مکینوں نے سوئی گیس کے کم پریشر کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

کوہاٹ راولپنڈی روڈ بلاک ،کئی گھنٹوں تک ٹریفک معطل رہی ، لوگوں کو شدید پریشانی کا سامنا

ہفتہ 22 ستمبر 2018 19:13

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2018ء) کوہاٹ کالج ٹاؤن کے درجنوں مشتعل مکینوں نے سوئی گیس کے کم پریشر کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے کوہاٹ راولپنڈی روڈ بلاک کردی جس کے باعث کئی گھنٹوں تک ٹریفک معطل ہوکرلوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔تفصیلات کے مطابق سوئی گیس کے مقامی حکام نے مبینہ طورپرکالج ٹاؤن میں بچھائی جانے والی چار انچ گیس پائپ لائن کو دو انچ کنکشن دیا جس کی وجہ سے علاقے میں گیس پریشر انتہائی کم ہوکر لوگ شدید مشکلات سے دوچار ہوگئے ہیں۔

ہفتہ کے روز گیس پریشر میں کمی کے خلاف علاقے کے درجنوں افرادنے مقامی آرٹسٹ نعیم کوہاٹی اور دیگرکی قیادت میں گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج کے قریب کوہاٹ پنڈی روڈ پراحتجاجی مظاہرہ کیا اور سوئی گیس کی مقامی انتظامیہ اورانجینئر ریحان کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے حکام سے مطالبہ کیا کہ انجینئر ریحان کو فوری طورپرضلع بد ر کیا جائے۔

(جاری ہے)

مظاہرین چار انچ کی پرانی پائپ لائن بحال کرنے کا مطالبہ بھی کرتے رہے۔ کوہاٹ پنڈی روڈ پر کئی گھنٹوں تک احتجاجی مظاہرے کے باعث دو طرفہ ٹریفک معطل رہی جس کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔بعدازاں مظاہرین اپنے مطالبات کے حق میںروزانہ کی بنیاد پر احتجاج کرنے کا فیصلہ کرکے پرامن طورپر منتشر ہوگئے۔

متعلقہ عنوان :