بھارتی فوج کشمیریوں کا جذبہ آزادی دبانے میں ناکامی کے بعد پاکستان کو دھمکیوں پر اتر آئی ہے، مسلم لیگ

اتوار 23 ستمبر 2018 13:00

سرینگر 23 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2018ء) مقبوضہ کشمیر میں جموںوکشمیر مسلم لیگ کے قائمقام چیئرمین عبدالاحد پرہ نے کہا ہے کہ بھارت کی قابض فوج مقبوضہ علاقے میں نہتے کشمیریوں پر جو وحشیانہ مظالم ڈھا رہی ہے اسکی مثا ل دنیا میں کہیں نہیں ملتی۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق عبدالاحد پرہ نے بارہ مولہ میں مختلف عوامی وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوج بے انتہا مظالم کے باوجود کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبا نہیں سکی لہذا اب وہ جوہری طاقت کے حامل ملک پاکستان کو دھمکیوں پر اتر آئی ہے۔

انہوںنے کہا کہ ایک بہادر فوج کا شیوہ نہیں کہ وہ نہتے لوگوں پر مظالم ڈھائے لہذا بھارتی فوج کے سربراہ کو چاہیے کہ پاکستان کو دھمکیاں دینے کے بجائے اپنے حکمرانوں کو سمجھائیںکہ طاقت کے بل پر کشمیری کو ہرگز زیر نہیں کیا جاسکتا لہذا انہیں انکا پیدائشی حق، حق خود ارادیت دیا جائے۔

(جاری ہے)

عبدالاحد پرہ نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے بھارت پر دبائو ڈالیں۔

دریں اثنا جموں وکشمیر مسلم لیگ کے ترجمان نے ایک بیان میں بھارتی پولیس کی طرف سے کشمیری نوجوانوں توصیف احمد صوفی، لطیف احمد وانی، محمد ہارون وانی، یونس احمد ڈا،واقب احمد پالہ، سرتاج احمد شیخ، الطاف احمد پرے، تنویر احمد پرے اور احمد پرے کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہ قابض انتظامیہ نے کشمیری نوجوانوں کی زندگیاںاجیرن بنا دی ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ اشموجی بان کولگام اور کھڈونی کے رہائشی نوجوانوں کو رات کے وقت گھر پر چھاپوں کے دوران گرفتار کیا گیا اور بلا جواز اور غیر قانونی گرفتاری پر ان کے اہلخانہ سخت پریشان ہیں ۔ ترجمان نے کہا کہ بھارتی پولیس کشمیری نوجوانوں کو جھوٹے مقدمات میں گرفتار کر کے ان کے تعلیمی مستقبل کو جان بوجھ کر تاریک بنا رہی ہے۔ انہوںنے کہا کہ قابض انتظامیہ نوجوانوں کو بلا جہ گرفتار اورظلم و تشدد کا نشانہ بنا کر انہیں عسکریت کا راستہ اختیار کرنے پر مجبور کر رہی ہے۔ ترجمان نے گرفتار نوجوانوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔