آرمی چیف کی دھمکی ‘کشمیر ی بھارتی فوج کا قبرستان بنا دیں گے‘بازل نقوی ‘ میر مشتاق

بھارت مقبوضہ کشمیر میں آزادی پسند عوام کے سامنے بے بس ہوچکا ‘ نہتے عوام پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہا ہے ‘سابق وزیر بھارت ‘ مظالم سے کشمیریوں کا جذبہ حریت کچلنے میں کامیاب نہیں ہو گا،بنیادی حق لے کر دم لیں گے ‘ سابق ایڈ منسٹریٹر

اتوار 23 ستمبر 2018 16:10

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2018ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیر سید بازل علی نقوی، سابق ایڈ منسٹریٹر ضلع کونسل میر مشتاق حسین نے بھارتی آرمی چیف کی دھمکی کی پُر زور الفاظ میں مذمت کرتے ہوے کہا ہے کہ بھارتی فوج کے لئے کشمیری عوام ہی کافی ہے۔بھارتی آرمی چیف کا بیان احمقانہ ہے‘کسی خام خیالی میں نہ رہیں کشمیری عوام نے چوڑیاں نہیں پہن رکھی اگر بھارتی افواج نے غلطی کی تو کشمیر ی بھارتی فوج کا قبرستان بنا دیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مذمتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوںنے کہا کہ آرمی چیف کی جنگ کی دھمکی جنوبی ایشیاء کے امن اور خطے کیلئے تباہ کن ثابت ہو سکتی ہے۔مملکت پاکستان کے دفاع، سلامتی اور استحکام کیلئے 22 کروڑ عوام پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں‘کشمیر کے عوام پاکستان کے دفاع اور بھارت کیخلاف جنگ کا ہراول دستہ ہوں گے۔

(جاری ہے)

پیپلزپارٹی ضلع مظفرآباد کے صدر سید بازل علی نقوی نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں آزادی پسند عوام کے سامنے بے بس ہوچکا ہے بھارت مقبوضہ جموں کشمیر میں نہتے عوام پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہا ہے پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی،سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا پاکستان دنیا کا چھٹا بڑا ایٹمی ملک ہے، جدید ترین میزائل سسٹم سے لیس اور مضبوط افواج کا حامل ملک ہے، ہندوستان کے تکبر اور رعونت کو خاک میں ملا دے گا۔

پی پی رہنما میر مشتا ق حسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت مظالم سے کشمیریوں کا جذبہ حریت کچلنے میں کامیاب نہیں ہو گا، مقبوضہ کشمیر میں انسانی قتل و غارت کا بازار گرم ہے کشمیری اپنا پیدائشی اور بنیادی حق ‘حق خودارادیت لے کر دم لیں گے تارکین وطن ہمارا سرمایہ ہیں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کے کمیشن کی حالیہ رپورٹ کے مطابق ہندوستان کو مقبوضہ کشمیر میں بلا تاخیرحق خودارادیت کا انعقاد کرانا چاہیے ۔