چینی خاتون پاکستانی شہری سے تین لاکھ ڈالر کی خطیر رقم وصول کرنے پشاور پہنچ گئی، پولیس نے رہائشی کو گرفتار کرلیا

اتوار 23 ستمبر 2018 21:40

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2018ء) چینی خاتون پاکستانی شہری سے تین لاکھ ڈالر کی خطیر رقم وصول کرنے پشاور پہنچ گئی، خاتون کی درخواست پر پولیس نے پشاور کے رہائشی کو گرفتار کرلیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق چین سے ایک خاتون پشاور پہنچی جس نے حیات آباد تھانے میں درخواست دی۔ درخواست کے مطابق پشاور حیات آباد کے رہائشی محمد شفیق نے چین میں مقامی خاتون کے ساتھ کاروباری ڈیل کی، خاتون ونگ لی سے بڑی تعداد میں کپڑا خریدا، شفیق کو 3 لاکھ ڈالر ادا کرنے تھے لیکن وہ رقم ادا کیے بغیر پاکستان لوٹ آیا۔

(جاری ہے)

چینی خاتون ونگ لی نے کہا کہ شفیق نے میرے ساتھ دھوکا کیا اور پاکستان فرار ہوگیا، میرا ویزا ختم ہونے والا ہے اور مزید رقم بھی نہیں ہے، جب بھی رقم کا مطالبہ کیا شفیق دھمکیاں دیتا تھا۔ ونگ لی نے درخواست میں مدد کے لیے حکومت پاکستان اور ایف آئی اے سے مدد طلب کی ہے۔خاتون کی درخواست پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے پشاور حیات آباد کے رہائشی شفیق کو گرفتار کرلیا۔ اے ایس پی حیات آباد نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ چینی خاتون کی درخواست پر ایف آئی آر درج کرکے نامزد ملزم کو گرفتار کیا ہے جب کہ مزید کارروائی جاری ہے۔