سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی وزیر پارلیمانی امور کو متعلقہ وزارتوں کے افسران کی اجلاس میں شرکت کو یقینی بنانے کی ہدایت

منگل 25 ستمبر 2018 16:12

سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی وزیر پارلیمانی امور کو متعلقہ وزارتوں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2018ء) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے وزیر پارلیمانی امور کو متعلقہ وزارتوں کے افسران کی اجلاس میں شرکت کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ منگل کو قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران سردار ایاز صادق نے نکتہ اعتراض پر کہا کہ انہوں نے سپیکر کی کرسی پر بیٹھ کر سیکرٹریز اور وزراء کی عدم موجودگی کے خلاف بائیکاٹ کیا تھا۔

انہوں نے سپیکر سے استدعا کی وہ وزراء اور مختلف وزارتوں کے افسران کی موجودگی کو یقینی بنائیں جس پر سپیکر نے وزیر پارلیمانی امور کو جائنٹ سیکرٹری سطح کے افسر کی موجودگی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ رانا تنویر نے کہا کہ رولز کے مطابق وزارتوں سے متعلقہ سوالوں پر متعلقہ وزرات کے سیکرٹریوں کو ایوان میں موجود رہنا چاہیے جس پر وزیر پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا کہ وہ یقین دلاتے ہیں کہ اس ایشو پر ہمارا اختلاف رائے نہیں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسد عمر نیکٹا کے اجلاس میں شریک ہیں اور 20 منٹ تک سیکرٹری یا ڈپٹی سیکرٹری سطح کا افسر آجائے گا۔ سید خورشید شاہ نے کہا کہ ضمنی مالیاتی بل پر بحث میں وزیر خزانہ کو اجلاس میں موجود رہنا چاہیے تھا۔ ہم سب کو پارلیمان کی بالادستی کو یقینی بنانے کے لئے کام کرنا چاہیے۔ میں نے کوشش کی تھی کہ بطور لیڈر آف اپوزیشن ایوان میں موجود رہوں۔ جس پر وزیر پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا کہ اس وقت پانچ وزراء ایوان میں موجود ہیں۔ حماد اظہر فنانس کے وزیر مملکت ہیں وہ نوٹس لے رہے ہیں۔ اس وقت سیکرٹری خزانہ اسد عمر کے ہمراہ ایک اجلاس میں ہیں جبکہ جائنٹ سیکرٹری ایوان میں نوٹس لے رہے ہیں۔