Live Updates

وزیراعلیٰ کےاختیارات اب میئرکےپاس ہوں گے،علیم خان

پنجاب حکومت کی بلدیاتی نظام سے متعلق مشاورت مکمل،بلدیاتی انتخابات پارٹی نہیں بلکہ مقبولیت کی بنیاد پر ہوں گے۔سینئر صوبائی وزیرعبدالعلیم خان

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 25 ستمبر 2018 16:21

وزیراعلیٰ کےاختیارات اب میئرکےپاس ہوں گے،علیم خان
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔25 ستمبر 2018ء) پنجاب حکومت نے بلدیاتی نظام سے متعلق مشاورت مکمل کرلی،سینئر صوبائی وزیرعبدالعلیم خان نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے اختیارات اب ہر شہر کے میئر کے پاس ہوں گے،بلدیاتی انتخابات پارٹی نہیں بلکہ مقبولیت کی بنیاد پر ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق سینئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان کی صدارت میں بلدیاتی نظام سے متعلق مشاورتی اجلاس ہوا۔

جس میں صوبائی وزراء، قانونی ماہرین،سیکرٹری بلدیات اور پارٹی رہنماؤں نے شرکت کی۔اجلاس میں پنجاب کے بلدیاتی نظام پرمشاورت مکمل کرلی گئی ہے۔ سینئر صوبائی وزیر علیم خان نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات پارٹی نہیں بلکہ مقبولیت کی بنیاد پر ہوں گے۔ وزیراعلیٰ کے اختیارات اب ہر شہر کے میئر کے پاس ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے وژن کے مطابق بلدیاتی نمائندوں کے اختیارات کو نچلی سطح پرمنتقل کیا جائے گا۔

واضح رہے وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی تھی کہ آئندہ 48 گھنٹوں میں بلدیاتی اختیارات سے متعلق مشاورت مکمل کی جائے۔ دوسری جانب وزیراعظم نے اجلاس میں پنجاب اور خیبرپختونخواہ کیلئے یکساں بلدیاتی نظام لانے کا فیصلہ بھی کرلیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب اور خیبرپختونخواہ دونوں صوبے میئر اور ڈسٹرکٹ چیئرمین کا انتخاب جماعتی بنیادوں پرجبکہ یونین کونسل اور ویلج کونسل کا انتخاب غیرجماعتی بنیادوں پرکروانے پرمتفق ہیں اسی طرح دونوں صوبے میئر اورضلعی میئر کا انتخاب براہ راست کروانے پربھی متفق ہیں۔

تاہم اب دونوں میں اتفاق ہوگیا ہے دونوں صوبوں میں یکساں بلدیاتی نظام لایا جائے ۔جس کے تحت دیہی سطح پرڈسٹرکٹ کونسل، یونین کونسل اور ویلج کونسل کا نظام لایا جائے گا۔ وزیر اعظم نے اپنے دورہ لاہور میں اجلاس کی صدارت میں کہا تھا کہ لوکل باڈیز کے نظام کا مقصد اسٹیٹس کو کا خاتمہ ہے اور لوکل باڈیز کا ایک ایسا نظام متعارف کرایا جائے گا جس میں عوامی نمائندوں کو کسی سطح پر بھی بلیک میل نہ کیا جا سکے تاکہ وہ اپنی تمام تر توجہ عوام کی فلاح پر مرکوز کر سکیں۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ نئے نظام کی بنیاد جمہوری اقدار پر مبنی ہوگی جس میں گورننس اور شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ لوکل باڈیز نظام کو آئندہ 48 گھنٹوں میں حتمی شکل دی جائے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات