Live Updates

متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی بھاشا ڈیم فنڈ میں دھڑا دھڑ رقم جمع کروانے لگے

وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے اوور سیز پاکستانیوں سے کی گئی اپیل کا مثبت ردِ عمل آیا ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 26 ستمبر 2018 11:39

متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی بھاشا ڈیم فنڈ میں دھڑا دھڑ رقم جمع ..
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26 ستمبر 2018ء) دُبئی میں مقیم پاکستانی تاجروں کے ایک گروپ کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ عنقریب دس لاکھ ڈالرکی رقم اکٹھی کر کے دیامر بھاشا ڈیم فنڈ کے اکاؤنٹ میں جمع کرائی جائے گی۔ اس حوالے سے پاکستانی بزنس کمیونٹی کی جانب سے سینیٹر فیصل جاوید کے اعزاز میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کا اہتمام ممتاز مسلم اور امجد علی خان کی جانب سے کیا گیا۔

سینیٹر فیصل جاوید امارات کی پاکستانی کمیونٹی کو ڈیم فنڈ میں پیسے جمع کرانے کی ترغیب دینے کے لیے وزیر اعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر دُبئی پہنچے۔ پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے بتایا گیا کہ فنڈ ریزنگ ڈِنر کے دوران سات لاکھ چھپن ہزار امریکی ڈالر کی رقم اکٹھی کی جا چکی ہے جبکہ باقی رقم اگلے دو تین روز میں اکٹھی ہو جائے گی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پاکستانی تاجر ممتاز مسلم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی بہت جوش و خروش سے ڈیم فنڈ کے لیے عطیات جمع کروا رہی ہے اور انشاء اللہ چند روز میں ہمارا دس لاکھ امریکی ڈالر کا ہدف پُورا ہو جائے گا۔

اس موقع پر سینیٹر فیصل جاوید نے متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں کا شکریہ ادا کیا کہ اُن کی دریا دلی اور فیاضی کے بدولت ڈیم فنڈ کے لیے اتنی بڑی رقم کا حصول ممکن ہو پایا ہے۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان صاحب کے مطابق سمندر پار مقیم پاکستانی اپنے آبائی وطن کی معیشت کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور اُن کی مدد شاملِ حال رہی تو موجودہ حکومت اپنے اہداف کے حصول میں کامیاب ٹھہرے گی۔

واضح رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں عمران خان نے اوور سیز پاکستانیوں سے اپیل کی تھی کہ وہ دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر کے لیے دل کھول کر عطیات دیں۔ کیونکہ اگر ڈیمز تعمیر نہ کیے گئے تو 2025ء میں مُلک کو خُشک سالی اور پانی کی کمی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ اس لیے ہر پاکستانی ڈیم فنڈ میں کم از کم ایک ہزار امریکی ڈالر ضرور جمع کروائے۔ اس وقت 80 سے 90 لاکھ کے قریب پاکستانی دیارِ غیر میں روزگار کے سلسلے میں مقیم ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات