چین کا اعلیٰ سطحی وفد پاکستانی مصنوعات خریدنے کے لئے 8 اکتوبر کو پاکستان کا دورہ کرے گا، عبدالرزاق دائود

بدھ 26 ستمبر 2018 20:11

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2018ء) وزیراعظم کے مشیر برائے کامرس، ٹیکسٹائل، انڈسٹری اینڈ انویسٹمنٹ عبدالرزاق دائود نے کہا ہے کہ چین پاکستان کے ساتھ تجارت میں توازن قائم کرنا چاہتا ہے، اس سلسلے میں چین کا اعلی سطحی وفد پاکستانی مصنوعات خریدنے کے لئے 8 اکتوبر کو پاکستان کے دورے پر آرہا ہے۔ یہ بات انہوں نے بدھ کو پاکستان ہوزری مینوفیکچرز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن (پی ایچ ایم ای) کے دفتر میں ویلیو ایڈنگ ٹیکسٹائل شعبہ کے نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ ان کی سربراہی میں حکومت پاکستان کا ایک وفد 4 نومبر کو بیجنگ کا دورہ کرے گا اور چین کے وزیر برائے کامرس اور دیگر متعلقہ حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ دورے کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان ہونے والے فری ٹریڈ ایگریمنٹ (ایف ٹی ای) پر بھی گفتگو کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چینی وزیر خارجہ کے حالیہ دورہ پاکستان کے موقع پر اور پاکستان میں چین کے سفیر کے ساتھ دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کے عدم توازن کے مسئلے پر ہم ان کے ساتھ پہلے بھی گفتگو کر چکے ہیں۔

وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان تجارت میں گیپ ایک بڑا مسئلہ ہے اور حکومت اس مسئلے کے حل کے لئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس کے حل کے لئے وقت درکار ہوگا۔ وزیراعظم کے مشیر نے یہ بھی یقین دہانی کرائی کہ چین کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری کے حوالے سے چین کے ساتھ گفت وشنید سے پہلے ملک کی بزنس کمیونٹی کے نمائندوں سے فیڈ بیک لیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ 4 نومبر کے دورے سے پہلے وہ بزنس کمیونٹی کے نمائندوں سے ملاقات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ویلیو ایڈنگ سیکٹر کا پاکستانی ایکسپورٹ میں اہم کردار ہے اور یہی وجہ ہے کہ میں نے آج اس سیکٹر کے نمائندوں سے ملاقات کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تجارت، صنعت اور سرمایہ کاری کے حوالے سے ہمیں ٹھوس تجاویز دیں۔ عبدالرزاق دائود نے کہا کہ وہ فوٹو سیشن اور مفاہمتی یاداشتوں پر دستخطوں کے بجائے عملی معاہدوں پر یقین رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چین نے چینا ایکسپو سینٹر میں پاکستان کے نمائش کنندگان کو خصوصی کوریڈورز دینے کا بھی وعدہ کیا ہے جس سے پاکستانی تجارت کو فروغ ملے گا۔ اس موقع پر پی ایچ ایم اے کے چیف کوآرڈینٹر محمد جواد بلوانی نے ٹیکسٹائل انڈسٹری کے مسائل اور خصوصاً ویلیو ایڈنگ کے سیکٹر کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ چیئرمین کونسل اف آل پاکستان ٹیکسٹائل ایسوسی ایشن محمد زبیر موتی والا نے بھی ایکسپورٹ بڑھانے کے حوالے سے تجاویز دیں۔

متعلقہ عنوان :