ہسپتال ’’دارالحکمت دارالشفاء‘‘میں85 واں ششماہی فری آئی کیمپ یکم اکتوبر سے شروع ہوگا

جمعہ 28 ستمبر 2018 16:08

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 ستمبر2018ء) اتحاد بین المسلمین کے نامور داعی،محب پاکستان اور عظیم روحانی پیشوا حضرت ابو انیس محمد برکت علی قدس سرہ العزیز کے قائم کردہ’’ کیمپ دارالاحسان ‘‘سمندری روڈ کے ساڑھی9 سو بستروں پر مشتمل ہسپتال ’’دارالحکمت دارالشفاء‘‘میں85 واں ششماہی فری آئی کیمپ حسب سابق یکم اکتوبر2018ء سے شروع ہو رہا ہے جو 31اکتوبرتک جاری رہے گا۔

(جاری ہے)

اس مثالی فری آئی کیمپ میں ملک بھر سے 80سے زائد ماہرین امراض چشم ڈاکٹر ز خدمات سر انجام دیں گے جن میں سے 17ڈاکٹر ز کی خدمات محکمہ صحت حکومت پنجاب نے فراہم کی ہیںجبکہ باقی ڈاکٹرز رضا کارانہ طور پر دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے کیمپ میں موجود ہوں گے۔ان ڈاکٹرز کی معاونت کے لئے 250 افراد پر مشتمل تجربہ کار خدمت کے گہرے جذبے سے سر شار رضاکاروں کی (پیرامیڈیکل سٹاف کی)ایک ٹیم خدمات کے لئے ہمہ وقت موجود ہو گی۔

خوراک و ادویات اور ہر قسم کی طبی سہولیات اور رہائش وغیرہ مریضوں کو مفت فراہم کی جاتی ہیں۔ڈاکٹرز شفٹوں میں خدمات سرانجام دیتے ہیں انتظامیہ کے مطابق اس موجودہ کیمپ کے دوران تیرہ ہزار آنکھوں کے آپریشن کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جبکہ مارچ کے کیمپ میں13603مریضوں کے کامیاب آپریشن کئے گئے تھے۔