عدالت نے شرجیل میمن شراب برآمدگی کیس میں تمام میڈیکل رپورٹس طلب کرتے ہوئے سماعت آئندہ تاریخ تک ملتوی کردی

منگل 2 اکتوبر 2018 17:43

عدالت نے شرجیل میمن شراب برآمدگی کیس میں تمام میڈیکل رپورٹس طلب کرتے ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اکتوبر2018ء) کراچی کی مقامی عدالت نے شرجیل میمن شراب برآمدگی کیس میں تمام میڈیکل رپورٹس طلب کرتے ہوئے سماعت آئندہ تاریخ تک ملتوی کردی ہے ۔منگل کو جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں سابق صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن و دیگر کے خلاف شراب برآمدگی کیس کی سماعت ہوئی ۔عدالت میں شرجیل انعام میمن کی جانب سے حاضری سے مستقل استثنیٰ کی درخواست دی گئی ۔

(جاری ہے)

درخواست میں بتا یا گیا کہ مجھے بلڈ پریشر، کمر درد سمیت کئی بیماریاں لاحق ہیں۔ میڈیکل بورڈ کی تجویز کے بعد ہی میں اسپتال میں زیرعلاج رہا ۔عدالت سے استدعا ہے کہ مستقل بنیاد پرحاضری سے استشنیٰ دیا جائے۔ عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ کیا ملزم واقعی بیمار ہے یا پھر جھوٹ پر مبنی درخواست جمع کرائی ہے ۔عدالت نے سرکاری وکیل سے شرجیل میمن کی تمام میڈیکل رپورٹس طلب کرتے ہوئے سماعت آئندہ تاریخ تک ملتوی کردی ہے ۔