عالمی عدالت انصاف میں بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کا کیس سماعت کیلئے مقرر کر دیا گیا

عالمی عدالت انصاف آئندہ سال 18 فروری سے سماعت شروع کرے گی، سماعت 21فروری تک جاری رہےگی، پاکستان اپنا جواب عالمی عدالت میں جمع کرا چکا ہے

muhammad ali محمد علی بدھ 3 اکتوبر 2018 19:34

عالمی عدالت انصاف میں بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کا کیس سماعت کیلئے ..
ویانا (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔03 اکتوبر 2018ء) عالمی عدالت انصاف میں بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کا کیس سماعت کیلئے مقرر کر دیا گیا، عالمی عدالت انصاف آئندہ سال 18 فروری سے سماعت شروع کرے گی، سماعت 21فروری تک جاری رہےگی، پاکستان اپنا جواب عالمی عدالت میں جمع کرا چکا ہے۔ تفصیلات کے مطابق عالمی عدالت انصاف نے پاکستان میں گرفتار کیے گئے دہشت گرد اور را کے جاسوس کلبھوشن یادیو کا کیس سماعت کیلئے منظور کر لیا ہے۔

کلبھوشن یادیو کا کیس سماعت کیلئے منظور کرنے سے قبل عالمی عدالت نے پاکستان اور بھارت سے جواب طلب کیے تھے۔ پاکستان اور بھارت دونوں ممالک اس معاملے پر اپنا تفصیلی جواب جمع کروا چکے تھے۔ عالمی عدالت انصاف نے دونوں ممالک کے تفصیلی جوابات کا جائزہ لینے کے بعد بھارتی دہشت گرد اور را کے جاسوس کلبھوشن یادیو کا کیس سماعت کیلئے منظور کر لیا ہے۔

(جاری ہے)

عالمی عدالت انصاف بھارتی دہشت گرد اور را کے جاسوس کلبھوشن یادیو کے کیس کی سماعت اگلے برس 18 فروری سے شروع کرے گی۔ عالمی عدالت میں بھارتی دہشت گرد اور را کے جاسوس کلبھوشن یادیو کا کیس تین دن تک چلے گا۔ کلبھوشن یادیو کیس کی سماعت 21 فروری 2019 تک جاری رہے گی۔ عالمی عدالت سماعت ختم ہونے کے بعد بھارتی دہشت گرد اور جاسوس کلبھوشن یادیو کی قسمت کا فیصلہ سنائے گی۔

اس حوالے سے پاکستان کا کہنا ہے کہ ہمارا موقف مضبوط ہے، بھارتی دہشت گرد اور جاسوس کلبھوشن یادیو کی موت کی سزا برقرار رہے گی۔ واضح رہے کہ بھارتی دہشت گرد اور را کا جاسوس کلبھوشن یادیو بھارتی نیوی کا افسر ہے جو پاکستان میں دہشت گردی کا نیٹ ورک چلا رہا تھا۔ کلبھوشن یادیو کی جانب سے کالعدم تنظموں اور ایم کیو ایم کے دہشت گرد ونگ کی پشت پناہی کی جا رہی تھی۔

کلبھوشن یادیو ایران میں بیٹھ کر پاکستان کیخلاف دہشت گردی کا نیٹ ورک کنٹرول کر رہا تھا۔ تاہم پاکستان کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی نے کمال مہارت سے کلبھوشن یادیو کو اپنے جال میں پھنسا کر پہلے پاکستان بلوایا اور پھر اسے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا گیا۔ بعد ازاں دہشت گردی کا جرم ثابت ہونے پر کلبھوشن یادیو کو پاکستان کی فوجی عدالت نے موت کی سزا سنائی تھی۔ اس سزا کو رکوانے کیلئے ہی بھارت عالمی عدالت بھاگ گیا تھا اور اب اس معاملے کا اگلے برس فروری تک فیصلہ ہو جائے گا۔