ٹوبہ ٹیک سنگھ ،ناجائز تجاوزات کے معاملے میں حکومت کی پالیسی واضح ہے، کوئی روو رعایت نہیں برتی جائے گی، احمد خاور شہزاد

آپریشن کا مقصد صرف اور صرف سرکاری رقبوں اور راستوں کو واگذار کروا کر عوام کیلئے آسانی پیدا کرنا ہے،عوام کو چاہیے کہ وہ رضا کارانہ طور پر حکومت کا ساتھ دیں،ڈپٹی کمشنر

جمعرات 4 اکتوبر 2018 21:26

ٹوبہ ٹیک سنگھ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 اکتوبر2018ء) ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ احمد خاور شہزاد نے کہا ہے کہ ناجائز تجاوزات کے معاملے میں حکومت کی پالیسی واضح ہے اور اس پر کوئی روو رعایت نہیں برتی جائے گی۔ تجاوزات کے خلاف آپریشن حکومت پنجاب کے ویژن کے تحت جاری رہے گا۔ اس آپریشن کا مقصد صرف اور صرف سرکاری رقبوں اور راستوں کو واگذار کروا کر عوام کیلئے آسانی پیدا کرنا ہے۔

عوام کو چاہیے کہ وہ رضا کارانہ طور پر حکومت کا ساتھ دیں۔ اپنی تجاوزات خود بخود ہٹا دیں اور دوسرے لوگوں کو بھی ترغیب دیں۔ ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر احمد خاور شہزاد نے انجمن تاجراں ٹوبہ ٹیک سنگھ کے نمائندہ وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ تاجر ہمارے لیے نہایت واجب الااحترا م ہیں اور معاشرے کے ذمہ دار شہری ہونے کے ناطے انہیں مکمل تحفظ دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ان کے حقوق کی پاسداری اور ان کے مسائل کا حل بھی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ اس موقع پر انہوں نے تاجروں کے مطالبہ پر بازاروں میں کسی بھی قسم کی ریڑھی کے مغرب کے وقت سے پہلے داخلے پر باندی عائد کر دی۔ رکشوں کے داخلے پر بھی پابندی لگا دی گئی۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ کو ہدایت کہ کہ وہ ریڑھیوں کی رجسٹریشن کروائیں اور ریڑھیاں لگانے کیلئے متبادل جگہ بھی تجویز کریں۔

انہوں نے ٹریفک پولیس کو ہدایت کی کہ وہ دن کے وقت بازاروں میں ریڑھی اور رکشہ کے داخلہ کو روکیں۔ انہوں نے کہا کہ دکانداران بھی اپنی دکانوں کے آگے اسٹالز اور ریڑھیاں لگوانے سے اجتناب کریں۔ بازاروں میں تجاوزات ختم کرنے کیلئے کوئی دباؤ قبول نہیں کیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر احمد خاور شہزاد نے مزید کہا کہ قانون پر عملدرآمد ہم سب کا فرض ہے اور اس پر بلا تفریق عمل کروایا جائے گا۔

گلیوں اور چوکوں کے درمیان نصب بجلی کے کھمبے اور ٹرانسفارمر، ٹیلیفون کے کھمبے سمیت کوئی رکاوٹ بھی رہنے نہیں دی جائے گی۔ اس موقع پر انجمن تاجراں کے صدر امجد عظیم، سیکرٹری محسن ادریس اور دیگر عہدیداران سمیت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) رضوان محمودچوہان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) ضمیر حسین، اسسٹنٹ کمشنر مصور احمد سمیت دیگر سرکاری افسران بھی موجود تھے۔