ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ کے ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ میں عالمی یوم اساتذہ کے حوالہ سے تقریب کا اہتمام

جمعہ 5 اکتوبر 2018 23:23

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اکتوبر2018ء) ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ کے ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ میں 5اکتوبر عالمی یوم اساتذہ کے حوالہ سے ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔ تقریب کے مہمان خصوصی یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلر اور ڈین آرٹس پروفیسر ڈاکٹر منظور حسین شاہ تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ قوموں کے معمار ہوتے ہیں اور اساتذہ ہی کی بدولت معاشرے کی تعمیر ممکن ہوتی ہے اور ایک ترقی پسنداور خوشحال پاکستان کے قیام کے لئے اساتذہ کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ قوم کے نونہالوں کو درست سمت میں گامزن کرکے درپیش چیلنجز کا مقابلہ کیا جا سکے۔

انہوںنے کہا کہ بحیثیت یونیورسٹی ٹیچر ہماری ذمہ داری اور بھی زیادہ بڑھ جاتی ہے کیونکہ ہم نے نوجوان طلباء و طالبات کو علم سے روشناس کروانے کے علاوہ علم تخلیق بھی کرنا ہوتا ہے لہٰذا ہمیں پوری تندہی ، جانفشانی اور اخلاص کے ساتھ تعلیم و تحقیق کے ساتھ رشتہ قائم کرنا چاہیے تاکہ استاد کی مسند پر فائز ہونے کا حق ادا کیا جا سکے۔اس موقع پر ایک واک کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں یونیورسٹی کے اساتذہ اور طلباء و طالبات اور سکالرز نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :