میانوالی‘غیر قانونی طور پر یونان جانے والے 100افراد گرفتار

کچہ پکہ موڑ کندیاں میں پولیس کی کامیاب کارروائی، گرفتار افراد میں 31بچے بھی شامل انسانی سمگلنگ کی روک تھام سے متعلق پولیس کی وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر عمل در آمد

جمعہ 5 اکتوبر 2018 23:38

میانوالی‘غیر قانونی طور پر یونان جانے والے 100افراد گرفتار
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اکتوبر2018ء) انسانی سمگلنگ کی روک تھام کے حوالے سے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی خصوصی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے ڈی پی او میانوالی سید کرار حسین نے ایف آئی اے کی ٹیم کے ہمراہ بڑی کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی طورپر بیرون ملک جانے والے 100افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ پکڑے جانے والے ان افراد میں 31بچے بھی شامل ہیں ۔

کارروائی چیک پوسٹ کچہ پکہ موڑ کندیاں میں کی گئی۔ تمام افراد تفتیش کیلئے ایف آئی اے کے حوالے۔پکڑے گئے افراد سے ابتدائی تفتیش میں 15انسانی سمگلر ز کی معلومات بھی ایف آئی اے کو حاصل ہو چکی ہیں۔ یہ بات ڈی پی او میانوالی سید کرار حسین نے بتائی ۔سید کرار حسین نے بتایا کہ انسانی سمگلرز کے خلاف یہ کارروائی وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ انسانی سمگلنگ کے اس واقع میں ایک ہی ٹرانسپورٹ کمپنی کی تین بسیں استعمال کی گئیں جنہیںقبضے میں لے لیا گیا ۔ انہوںنے کہا کہ پکڑے جانے والے تمام افراد کا تعلق گجرات ، منڈی بہائوالدین اور حافظ آباد سے ہے ۔سید کرار حسین نے بتایا کہ ابتدائی معلومات کی روشنی میں ایجنٹ مافیا نے خطیر رقم کے عوض مذکورہ غیر قانونی طور پر بیرون ملک جانے والے افراد کو براستہ ایران اور ترکی ، یونان سمگل کرنا تھا۔

انہوں نے کہا کہ پکڑے گئے افراد میں 9سال سے کم عمر بچے بھی شامل ہیں۔یاد ر ہے کہ اس واقعہ سے قبل 02اکتوبر کو بھی میانوالی پولیس نے ایف آئی اے سے مل کر اسی طرح کی ایک اور انسانی سمگلنگ کی کوشش نا کام بنائی تھی ۔ ڈی پی او سید کرار حسین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وزیر اعلیٰ کی ہدایت کے مطابق میانوالی کے راستے بلوچستان اورایران انسانی سمگلنگ کو نا ممکن بنادیا جائیگا۔