اُم القوین: ٹریفک حادثے کے نتیجے میں ایشیائی باشندے کی ہلاکت

اگلی گاڑی سے محفوظ فاصلہ نہ رکھنا حادثے کا باعث بنا

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 6 اکتوبر 2018 17:31

اُم القوین: ٹریفک حادثے کے نتیجے میں ایشیائی باشندے کی ہلاکت
اُم القوین(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6 اکتوبر2018ء) ایک افسوس ناک ٹریفک حادثے میں ایشیائی شخص زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ تفصیلات کے مطابق اُم القوین پولیس اسٹیشن کے سنٹرل آپریشنز روم کو دوپہر پونے دو بجے کے قریب کہ ایمریٹس روڈ پر ایک کار اپنے سے آگے جاتے ٹرک سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں کار سوار شخص شدید زخمی ہو گیا۔ یہ شخص شارجہ کی جانب جا رہا تھا۔

وقوعے کی اطلاع ملتے ہی ٹریفک پٹرولز، ایک ایمبولینس، پیرامیڈیکل سٹاف اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثہ کی جانب روانہ کردی گئیں۔ سول ڈیفنس کی ٹیم نے خصوصی ہائیڈرالک آلات کی مدد سے پچکی ہوئی گاڑی کو کاٹ کر زخمی ڈرائیور اور دیگر افراد کو باہر نکالا۔ تاہم شدید تصادم کے دوران بہت زیادہ خون بہہ جانے کی وجہ سے ڈرائیور موقع پر ہی انتقال کر گیا۔

(جاری ہے)

ابتدائی تحقیقات کے مطابق اس حادثے کی ذمہ داری مرنے والے ڈرائیور پر عائد ہوتی ہے کیونکہ اُس دورانِ ڈرائیونگ عدم توجہی کے باعث یہ واقعہ پیش آیا۔ اُس نے اگلی گاڑی سے محفوظ فاصلہ رکھنے کے قانون کو پُوری طرح نظر انداز کیا جس کے باعث اُس کی گاڑی آگے جا رہے ٹرک کی پچھلی سائیڈ سے ٹکرا گئی۔ مرنے والے ڈرائیور کی لاش شیخ خلیفہ ہسپتال کے مردہ خانے میں منتقل کر دی گئی۔

پولیس کے مطابق ڈرائیور ایک کمپنی میں ملازم تھا اور کمپنی کے سٹاف کو لے کر جا رہا تھا جس دوران یہ افسوس ناک واقعہ پیش آیا۔ زخمیوں کو فوری طور پر مرہم پٹی کی غرض سے ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں اُن کی حالت تسلّی بخش قرار دی گئی۔پولیس ترجمان نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ ٹریفک ضابطوں کی پابندی پر عمل درآمد یقینی بنائیں، خاص طور پرمصروف شاہراہوں پر پر حدِ رفتار سے تجاوز نہ کریں اور اپنے سے اگلی گاڑی سے محفوظ فاصلہ رکھا کریں تاکہ اچانک بریک لگنے کی صورت میں ٹکراؤ سے بچا جا سکے۔