سابق وزیرداخلہ چوہدری نثارکےسیاسی مستقبل پرسوالیہ نشان

چوہدری نثارکی صوبائی اسمبلی کی نشست بچانے کیلئے کوششیں شروع، چوہدری نثارنے صوبائی اسمبلی کی نشست پرحلف نہ اٹھایا توآئندہ الیکشن لڑنے پرسوالیہ نشان لگ سکتا ہے، قانونی ماہرین

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 6 اکتوبر 2018 17:57

سابق وزیرداخلہ چوہدری نثارکےسیاسی مستقبل پرسوالیہ نشان
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔06 اکتوبر 2018ء) مسلم لیگ ن کے ناراض رہنماء اور سابق وزیرداخلہ چوہدری نثار کا سیاسی مستقبل داؤ پر لگ گیا ہے، چوہدری نثارنے صوبائی اسمبلی کی نشست بچانے کیلئے کوششیں شروع کردی ہیں، تاکہ صوبائی اسمبلی کی نشست پرحلف اٹھا کرایوان میں پہنچا جا سکے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے سیاست میں دوبارہ بھرپور کردار ادا کرنے کیلئے کوششیں شروع کردی ہیں۔

چوہدری نثار نے صوبائی اسمبلی کی نشست پرحلف اٹھانے کی ٹھان لی ہے۔ نجی ٹی وی ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر چوہدری نثار اپنی جیتی ہوئی پنجاب اسمبلی کی نشست پرحلف نہیں اٹھاتے توان کا سیاسی مستقبل داؤ پرلگ سکتا ہے۔ قانونی ماہرین کے مطابق حلف نہ اٹھانے کی صورت میں چوہدری نثار آئندہ الیکشن کیلئے نااہل بھی ہوسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

کیونکہ چوہدری نثار علی خان نے صوبائی اسمبلی کی نشست پی پی 12سے تاحال حلف نہیں اٹھایا ہے۔

چوہدری نثار کے حلف نہ اٹھانے سے صوبائی اسمبلی کی نشست خالی پڑی ہے۔تاہم اگر چوہدری نثار اپنی صوبائی اسمبلی کی نشست بھی چھوڑ دیتے توپی پی 12پر بھی الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخاب کروا دینا تھا۔ لیکن ان کے سیٹ نہ چھوڑنے سے ضمنی انتخاب نہیں کروایا جاسکتا۔ جبکہ دوسری طرف ان کے حلف نہ اٹھانے سے صوبائی اسمبلی کی نشست تاحال خالی پڑی ہے۔واضح رہے الیکشن 2018ء میں سابق وزیرداخلہ چوہدری نثار نے این اے 59اور این اے 63جبکہ صوبائی اسمبلی کی نشست پی پی10اور 12سے عام انتخابات میں حصہ لیا تھا ۔

لیکن چوہدری نثار قومی اسمبلی کی دونوں نشستوں اور پنجاب اسمبلی کی ایک نشست سے الیکشن ہار گئے اور صرف ایک نشست پی پی 12سے الیکشن جیتنے میں کامیاب ہوئے۔دوسری جانب سابق وزیراعظم نوازشریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نوازکی وفات کے بعدچوہدری نثار علی خان کی لندن میں ن لیگی قیادت سے ملاقاتیں بھی ہوئیں۔ گزشتہ روز اسحاق ڈار اور چوہدری نثار کے درمیان بھی ملاقات ہوئی ہے ۔ ن لیگی قیادت نے ملاقاتوں میں چوہدری نثار کو پارٹی میں واپس اپنی سرگرمیاں شروع کرنے کا اصرار کیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نوازشریف اور چوہدری نثار کے درمیان جلد اختلافات ختم ہوجائیں گے۔