خیبرپختونخواہ میں محکمہ صحت نے لاکھوں روپے کی ادویات ضائع کر دیں

تمام ادویات کو اسٹاک کیا گیا اور زائد المیعاد ہونے پر ضائع کر دیا گیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 10 اکتوبر 2018 16:04

خیبرپختونخواہ میں محکمہ صحت نے لاکھوں روپے کی ادویات ضائع کر دیں
پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10 اکتوبر 2018ء) : پاکستان تحریک انصاف نے خیبرپختونخواہ میں حکومت بنائی تو محکمہ پولیس اور تعلیم کے ساتھ ساتھ صحت کے مسائل اور ان کے حل کے لیےبھی کام کیا ۔ خیبرپختونخواہ کی رہائشی عوام نے صحت کے شعبے میں اصلاحات کرنے پر حکومت کو بے حد سراہا اور اسی کو 2018ء میں بھی خیبرپختونخواہ میں پاکستان تحریک انصاف کی کامیابی کی وجہ قرار دیا جا رہا تھا تاہم حال ہی میں سامنے آنے والی کچھ تصاویر نے تحریک انصاف کا خیبرپختونخواہ میں عوام کے ٹیکس کے پیسوں سے انصاف کا بھانڈا پھوڑ دیا۔

مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں ایک صحافی نے خیبرپختونخواہ میں ضائع کی جانے والی ادویات کی تصاویر شئیر کیں اور کہا کہ خیبرپختونخواہ کے ضلع بٹگرام میں لاکھوں مالیت کی سرکاری ادویات کا یہ ڈھیر کسی اسپتال میں نہیں بلکہ ندی کے کنارے پڑا ہے۔

(جاری ہے)

اسپتالوں میں عوام کے ٹیکس سے آنے والی سرکاری ادویات عوام کو دینے کی بجائے اسٹاک کردیا گیا جن کے بعد انہیں زائد المیعاد ہونے پر ضائع کردیا گیا۔

صحافی نے پاکستان تحریک انصاف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کیا یہی تبدیلی ہے؟
صحافی نے خیبرپختونخواہ کے اسپتالوں میں عوام کے ٹیکس کے پیسوں سے خریدی جانے والی ادویات کو ضائع کرنے کی تصاویر بھی شئیر کیں جس پر ٹویٹر صارفین نے موجودہ حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ خیبرپختونخواہ میں اس طرح کا عمل قابل مذمت ہے۔ عوام کے ٹیکس کے پیسوں سے خریدی گئی ادویات کو عوام تک پہنچانا چاہئیے نہ کہ اس کو اسٹاک کر کے زائد المیعاد ہونے پر اس طرح ضائع کیا جائے۔ کیونکہ ایسا کرنے سے کئی مریض ادویات سے محروم رہے ہوں گے۔