تحریک انصا ف کی پنجاب حکومت 16اکتوبر کو رواں مالی سال کے 8ماہ کابجٹ پیش کریگی‘عثمان بزدار

سابق حکومت نے فلاح عامہ کی بجائے ذاتی تشہیر کیلئے سکیمیں شروع کیں،بجٹ میں ماضی کی غلط پالیسیوں کا ازالہ کیا جائیگا‘وزیراعلیٰ پنجاب

بدھ 10 اکتوبر 2018 17:18

تحریک انصا ف کی پنجاب حکومت 16اکتوبر کو رواں مالی سال کے 8ماہ کابجٹ پیش ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدارکی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میںاعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا ،جس میں رواں مالی سال کے بجٹ اورترقیاتی پروگرام کے حوالے سے تجاویز کا جائزہ لیاگیا۔ تحریک انصا ف کی پنجاب حکومت 16اکتوبر کو رواں مالی سال کے 8ماہ کابجٹ پیش کریگی۔وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پہلے بجٹ میں صوبے کے عوام کو تبدیلی نظر آنی چاہیے۔

غیر حقیقت پسندانہ ترقیاتی ہدف مقرر نہیںکیا جائے گابلکہ ہمارا ترقیاتی پروگرام صوبے کے عوام کی ضروریات کے مطابق ہوگا۔جنوبی پنجاب کی ترقی پر خصوصی توجہ دی جائے گی اور بجٹ میںعام آدمی کی فلاح وبہبود کیلئے پالیسیاں اپنائی جائیںگی۔ انہوںنے کہا کہ آئندہ بجٹ میں ماضی کی غلط پالیسیوں کا ازالہ کیا جائے گا کیونکہ سابق حکومت نے فلاح عامہ کی بجائے ذاتی تشہیر کیلئے سکیمیں شروع کیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ ماضی کی غلط سکیموں کا جائزہ لیںگے اور غیر ضروری سکیموںکو آگے نہیں چلایا جائے گابلکہ ان سکیموں سے بچایاگیا پیسہ عوام کی فلاح وبہبود پر خرچ کریںگے۔ انہوںنے کہا کہ بچت ،کفایت شعاری اورسادگی کو فروغ دے کر نئی مثال قائم کریںگے۔صوبائی وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت،سیکرٹری خزانہ اوراعلی حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔