Live Updates

تجاوزات کا خاتمہ اور صفائی کی صورتحال میں واضح بہتری موجودہ حکومت کی اہم ترجیحات ہیں،چودھری شوکت علی بھٹی

عام آدمی کا معیار زندگی بلند کرنے کے لئے ٹھوس منصوبہ بندی کے تحت ہر ممکن قدم اٹھائیں گے،رکن قومی اسمبلی

بدھ 10 اکتوبر 2018 18:38

حافظ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2018ء) رکن قومی اسمبلی چودھری شوکت علی بھٹی نے کہاہے کہ تجاوزات کا خاتمہ اور صفائی کی صورتحال میں واضح بہتری موجودہ حکومت کی اہم ترجیحات ہیں اور صوبہ بھر میں ان ترجیحات کے حصول کے لئے قبضہ مافیا کے خلاف بلا تفریق کاروائی کے ساتھ میونسپل اداروں کو متحرک اور فعال بناکر شہری مسائل کے حل کو بھی یقینی بنایا جارہاہے انہوں نے کہاکہ کلین اینڈ گرین پروگرام کے تحت ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لئے بھی دوررس اقدامات کئے جارہے ہیں اور ملک بھر میں وسیع پیمانے پر شجر کاری بھی اس سلسلہ کی اہم کڑی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ اپنے ملک کی تعمیروترقی ،خوشحالی اور استحکام کے لئے ہمیں سیاسی اختلافات اور وابستگیوں سے بالا تر ہو کر پاکستانی قوم بن کر سوچنا اور عمل کرنا ہو گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ہمارا یہ پختہ عزم ہے کہ عام آدمی کا معیار زندگی بلند کرنے کے لئے ٹھوس منصوبہ بندی کے تحت ہر ممکن قدم اٹھائیں گے اور اگلے چند ماہ میں حکومتی اقدامات کے واضح اور مثبت اثرات ضرور ظاہر ہو نا شروع ہو نگے ۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر حافظ آباد عدنان ارشد اولکھ ،ایم پی اے مامون جعفر تارڑ ،سابق ایم پی اے میاں انتصار حسین بھٹی ،اے سی پنڈی بھٹیاں تنویر یٰسین اور دیگر افسران ،معززین کے ہمراہ جلالپور بھٹیاں اور پنڈی بھٹیاں میں تجاوزات کے خاتمے اور صفائی کی بہتری کے لئے کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیتے ہوئے کیا ۔ایم این اے شوکت بھٹی نے کہاکہ حکومت اس حقیقت سے بخوبی آگاہ ہے کہ مقامی سطح پر عوام کو بے شمار مسائل کاسامناہے جن میں سر فہرست غیر معیاری میونسپل سروسز ہیں اور یہی وجہ ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے ویثرن کے تحت ملک بھر میں صفائی کے لئے خصوصی مہم شروع کی گئی ہے انہوں نے واضح کہاکہ میونسپل کمیٹیوں کے افسران اور عملہ کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ نکاسی آب کوڑا کرکٹ کو گلی محلوں سے بروقت اٹھا کر مقررہ ڈمپنگ پوائنٹس تک پہنچانے ،سٹریٹ لائٹس اور دیگر سروسز کی فراہمی کے لئے تمام ممکنہ وسائل اور افرادی قوت کے بھر پور استعمال کے ذریعے عوامی شکایات کے ازالہ کو ہر صورت یقینی بنائیں بصورت دیگر حکومتی ایجنڈے کی تکمیل میں تساہل اور غیر ذمہ داری برتنے والے ملازمین اور افسران کو ضلع سے فارغ کر دیا جائیگا ۔

ڈپٹی کمشنر عدنان ارشد اولکھ اور ایم پی اے مامون جعفر تارڑ نے کہاہے کہ عوامی فلاح وبہبود اور دیرینہ مسائل کا حل انکی ترجیحات میں سے ہے اور سرکاری اداروں کو فعال بناکر ان دونوں اہداف کو کامیابی کے ساتھ حاصل کر لیا جائیگا ۔انہوں نے کہاکہ تجاوزات کی مہم کا مقصد ٹریفک کے بڑھتے ہوئے مسائل کو کم کرنا اور شہریوں کو آمدو رفت میں ہر ممکن سہولت دیناہے اور مہم کا ہر گز یہ مقصد نہیں کہ کسی بھی غریب کو بے روز گار کر دیا جائے ۔

اس موقع پر ایم این اے اور ڈپٹی کمشنر نے مختلف کاروباری تنظیموں کے نمائندوں کو یقین دہانی کرائی کہ تجاوزات کے خاتمے کے سلسلہ میں کسی کے ساتھ کوئی ذیادتی نہیں کی جائیگی تاہم ضلعی انتظامیہ یہ توقع رکھتی ہے کہ تجاوزکنندگان خود رضاکارانہ طور پر اپنی عارضی اور پختہ تجاوزات ختم کردیں گے ۔انہوں نے کلین اینڈ گرین پاکستان پروگرام کے تحت جلالپور اور پنڈی بھٹیاں میں شجر کاری بھی کی ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات