پی ایس 87ملیرکراچی، مسلم لیگ (ن)کے امیدوارحلیل بروہی پیپلز پارٹی کے امیدوار ساجد جوکھیو کے حق میں دستبردار

بدھ 10 اکتوبر 2018 22:26

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2018ء) ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ نون کی جانب سے پیپلزپارٹی کی حمایت کے اعلان کے بعد پی ایس 87ملیرکراچی سے مسلم لیگ (ن)کے امیدوارحلیل بروہی نے پیپلز پارٹی کے امیدوار ساجد جوکھیو کے حق میں دستبردارہونے کا اعلان کردیا ہے اورضمنی انتخابات میں پیپلز پارٹی کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعلان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے رہنماں نے ملیر پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر پیپلز پارٹی رہنماغلام مرتضی بلوچ، ساجد جوکھیو، ایم پی اے شاہینہ بلوچ، میر عباس اور ن لیگ کے امیدوار خلیل بروہی، شاہد آرائیں، ممتاز جعفری، چوہدری نورمحمد و دیگر موجود تھے۔مسلم لیگی امیدوارخلیل بروہی کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور شہباز شریف کے حکم پر پیپلز پارٹی کے حق میں دستبردار ہوتا ہوں،پی ایس 87ملیر میں ن لیگ کے تمام کارکنان پیپلز پارٹی کو ووٹ دینگے، 14اکتوبر کو پیپلز پارٹی کراچی کی سیٹوں سے کامیاب ہوگی۔

(جاری ہے)

پیپلزپارٹی ملیرکے صدرمرتضی بلوچ نے کہاکہ مسلم لیگ ن کی حمایت کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہیں، تبدیلی لانے والوں نے غریب عوام کا معاشی قتل عام شروع کردیا ہے،پیپلزپارٹی کے نامزد امیدوارساجد جوکھیو نے کہاکہ پی ٹی آئی کو اس ملک کے عوام کے مسائل سے کوئی دلچسپی نہیں ہے،اسٹیل مل کو نجکاری میں دینے کا پی ٹی آئی کا فیصلہ ہرگز قبول نہیں کرینگے، اسٹیل مل کی بحالی کے لیے پیپلز پارٹی بھرپور جدوجہد کرے گی۔ پریس کانفرنس میں پی پی رہنماامداد جوکھیو، آغا طارق پٹھان، رضا جتوئی، ن لیگ رہنماعدنان آرائیں و دیگر کارکنان موجود۔تھے۔