بلوچستان کی ترقی کیلئے نوجوان نسل وہاں کے عوامی نمائندوں کی جوابدہی کریں،

بلوچستان ترقی کی راہ پر گامزن ہوچکا ہے، نوجوان اس میں اپنا کردار ادا کریں چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کا بلوچستان کی مختلف جامعات اور کالجز کے طلبہ اور اساتذہ کے وفد کے اعزاز میں عشائیہ سے خطاب

جمعہ 12 اکتوبر 2018 19:53

بلوچستان کی ترقی کیلئے نوجوان نسل وہاں کے عوامی نمائندوں کی جوابدہی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اکتوبر2018ء) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ بلوچستان کی ترقی کیلئے نوجوان نسل وہاں کے عوامی نمائندوں کی جوابدہی کریں کیونکہ وسائل کی فراہمی اب کوئی مسئلہ نہیں رہا، بلوچستان ترقی کی راہ پر گامزن ہوچکا ہے اور بلوچستان کے نوجوان اس میں اپنا کردار ادا کریں۔ ان خیالات کا اظہار چیئرمین سینیٹ نے بلوچستان کی مختلف جامعات اور کالجز کے طلباء و طالبات اور اساتذہ کے وفد کے اعزاز میںپارلیمنٹ ہاؤس میں دیئے گئے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری بنتی ہے کہ ہم دنیا کو باور کروائیں کہ بلوچستان کی عوام ترقی پسند ہیں اور ترقی کیلئے نئی راہیں تلاش کر یں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مشکل وقت ختم ہوچکا ہے اور اب ہمیں آگے بڑھنے کیلئے میرٹ کے عمل کو یقینی بنانا ہوگا اور نوجوان نسل کو روزگار کیلئے صوبے میں بڑھتے ہوئے ترقی کے مواقع سے فائدہ اٹھانا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ طالب علم ملک کے مستقبل کے لیڈر ہیں انہیں اپنی پڑھائی پر بھر پور توجہ دینا ہوگی تاکہ وہ جدید دور کے چیلنجز کا سامنا کرسکیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے طالب علموں کو وفاقی حکومت کے تعاون سے دس ہزار لیپ ٹاپ فراہم کرنے ، بیرون ممالک میں تعلیم کے حصول کیلئے وظائف کی فراہمی کیلئے بات کی جائیگی۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ غیر ملکی تعلیمی وظائف کیلئے سعودی عرب اور چین سے معاملات پر کافی پیش رفت ہو چکی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے طلباء طالبات کو بیرونی دنیا اور خاص طور پریورپ میں ترقی اور وہاں کے تعلیمی نظام سے آگاہی کیلئے وفد باہر بھیجا جائے گاتاکہ ترقی یافتہ ممالک کے تجربات سے ہمارے طلباء و طالبات کو سیکھنے کا موقع ملے ۔صادق سنجرانی نے بلوچستان کے اس وفد کے دورے کو انتہائی خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ امر انتہائی حوصلہ افزا ء ہے کہ طلباء و طالبات پر مشتمل وفد ان دنوں مطالعاتی دورے پر ہے اور اس دورے کی بدولت نوجوان نسل کو اہم قومی امور اور معاملات پر آگاہی حاصل ہوگی ۔

انہوں نے بلوچستان کے تعلیمی اداروں پر زور دیا کہ نوجوانوں کیلئے اس قسم کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کیے جائیں تاکہ نوجوان نسل صوبے اور وفاق کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کرے اور مسائل کو سمجھنے میں آسانی ہو ۔چیئرمین سینیٹ کی طرف سے وفد کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ میں سینیٹر کہدہ بابر اور سینیٹر احمد خان بھی موجود تھے ۔