تمام مسافر ویگنوں ،رکشوںاور بسوں میں سے ایل پی جی سلنڈرز فوری طور پر ہٹائے جائیں‘عرفان علی کاٹھیا

جمعہ 12 اکتوبر 2018 23:52

وہاڑی۔12 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اکتوبر2018ء) ڈپٹی کمشنر عرفان علی کا ٹھیا نے کہا ہے کہ تمام مسافر ویگنوں ،رکشوںاور بسوں میں سے ایل پی جی سلنڈرز فوری طور پر ہٹائے جائیں تاکہ کسی بھی قسم کی ناگہانی صورت حال سے بچا جاسکے۔ کلین اینڈگرین پنجاب مہم کوکامیاب بنانے کے لئے ضلع بھر کے بس سٹینڈز پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔تمام بس سٹینڈز مالکان اپنے سٹینڈز پرصفائی کا خصوصی انتظام کریں تاکہ مسافروں کو ایک اچھا ماحول میسر آسکے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار اپنے دفتر میں ٹرانسپورٹ کے حوالے سے منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر وہاڑی منور حسین،اسسٹنٹ کمشنر بوریوالہ سید نوید عالم،اسسٹنٹ کمشنر میلسی سعید احمد خان،سیکرٹری ڈی آر ٹی اے وہاڑی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے مزید کہا کہ تمام اسسٹنٹ کمشنرز اپنے دفتر میں بس سٹینڈز مالکان،سیکرٹری ڈی آر ٹی اے اور ڈی ایس پی ٹریفک کے ساتھ مل کر شہر میں موجود ٹرانسپورٹ کے مسائل کو حل کرنے کے لئے خصوصی میٹنگز کریں تاکہ دوران سفر پیش آنے والی رکاوٹوں میں کمی آسکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سیکرٹری ڈی آر ٹی اے اور سول ڈیفنس آفیسر مل کر ایل پی جی سلنڈروں والی گاڑیوں کو موقع پر بند کرکے بھاری جرمانے کریں۔کسی کو انسانی زندگیوں کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ایل پی جی کی وجہ سے آئے روز گاڑیوں میں حادثات ہورہے ہیں۔اس لئے ہمیں فوری سخت ایکشن کرنا ہوگا۔