شیخ رشید نے صحافی سے موبائل چھین کر اپنے پاس رکھ لیا

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کے خلاف تھانے میں درخواست دائر، شیخ رشید اور ان کے گارڈز نے موبائل واپس کرنے کی بجائے مجھے گالیاں اور دھمکیاں دیں۔ رپورٹر کا موقف

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 16 اکتوبر 2018 13:53

شیخ رشید نے صحافی سے موبائل چھین کر اپنے پاس رکھ لیا
اسلام آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔15 اکتوبر 2018ء) قومی اخبار کی ایک رپورٹ کے مطابق نجی ٹی وی چینل کے ایک رپورٹر نے موبائل چھیننے پر وزیر ریلوے شیخ رشید کے خلاف درخواست دائر کر دی۔ ضمنی انتخابات کے موقع پر نجی ٹی وی چینل کے رپورٹر سے موبائل چھیننے پر شیخ رشید کے خلاف درخواست دائر کی گئی ہے۔تھانی سٹی راولپنڈی میں رپورٹر کی جانب سے دی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ 14اکتوبر کی رات لال حویلی میں شیخ رشید کے بھیتجے کی جیت کی خوشی میں منائے جانے والے جشن کی ویڈیو بنا رہا تھا کہ شیخ رشید اور ان کے گارڈز نے موبائل فون چھین لیا۔

درخواست میں یہ بھی لکھا گیا کہ میں ایک صحافی ہوں اور اپنے دفتر میں ضروری رپورٹس بھیجنی ہوتی ہیں۔لیکن شیخ رشید اور ان کے گارڈز نے موبائل واپس کرنے کی بجائے مجھے گالیاں اور دھمکیاں دیں۔

(جاری ہے)

خیال رہے این اے 60 سے شیخ رشید کے بھتیجے شیخ راشد شفیق نے پی ٹی آئی کی ٹکٹ پر کامیابی حاصل کی۔ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 60 راولپنڈی IV سے اعصاب شکن مقابلہ کے بعد تحریک انصاف کے شیخ راشد شفیق 44483 ووٹ حاصل کر کے کامیاب قرار پائے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے فارم 47 پر جاری غیر سرکاری غیر حتمی نتیجہ کے مطابق تحریک انصاف کے شیخ راشد شفیق کامیاب قرار پائے۔ اس حلقہ سے کُل 10 امیدوار مدمقابل تھے، جن میں سے مسلم لیگ (ن) کے سجاد خان نے 43836 ووٹ حاصل کئے اور وہ دوسرے نمبر پر رہے۔ تحریک لبیک کے امیدوار زاہد عقیل نے 2288 ووٹ حاصل کئے۔ اس حلقہ میں کُل ووٹوں کی تعداد 357768 تھی، جبکہ ڈالے گئے ووٹوں کی تعداد 92962 رہی، جن میں سے 512 ووٹ مسترد قرار دیئے گئے۔

ڈالے گئے ووٹوں کی شرح 25.98 فیصد رہی۔جب کہ دوسری طرف این اے 60 میں پاکستان مسلم لیگ نکے امیدوار سجاد خان نے انتخابی نتائج ماننے سے انکار کر دیا۔سجاد خان کا کہنا ہے کہ اپنے وکلاء سے قانونی مشاورت کر رہے ہیں جس کے بعد ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے لیے درخواست دیں گے۔ سجاد خان کا کہنا ہے کہ میرے حلقے میں دھاندلی کی گئی ہے اور نتائج کو بھی تبدیل کیا گیا ہے۔