وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کا معاشرے سے غربت و افلاس کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر پیغام

منگل 16 اکتوبر 2018 19:44

وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کا معاشرے سے غربت و افلاس کے خاتمے کے عالمی دن ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2018ء) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے معاشرے سے غربت و افلاس کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ غریب اور نادار افراد کی حلال رزق سے امداد کرنا دین اسلام کا اولین درس ہے کیونکہ دکھی انسانیت کی خدمت اور افلاس میں کمی لانا انسانیت کی اعلیٰ اقدار ہے۔ انہوں نے کہاکہ غربت معاشرے میں بگاڑ اور امن و امان کے مسائل پیدا کرنے کا باعث بنتی ہے اور یہ دن غربت اور محرومی کی زندگی گزارنے والے لوگوں کی مشکلات کو کم کرنے کیلئے اقدامات کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ نئے پاکستان میں غربت اور افلاس کے خاتمے کے لئے مخلصانہ اقدامات ہوں گی- غربت سے متعلق مسائل میں کمی لانے کیلئے موثر اقدامات اورمؤثر حکمت عملی کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ معاشرے میں معاشی ناہمواری ختم کرکے غربت کے ناسور کو بہت حد تک کم کیا جا سکتا ہی- معاشرے سے غربت کے مکمل خاتمہ کیلئے مربوط انداز میں اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوںنے کہاکہ غریب عوام کی حالت زار میں بہتری کے لئے اقدامات حکومتی ترجیحات کا حصہ ہیں۔ معاشرے سے افلاس کے خاتمے کیلئے کوششیں معاشرے کے ہر فرد کی اخلاقی و سماجی ذمہ داری ہے۔ عدم مساوات کے خاتمے کے لئے مذہبی رہنمائوں، علماء اور میڈیا کا کردار بھی خاص اہمیت کا حامل ہے۔انہوں نے کہاکہ آج ہمیں اس امر کا اعادہ کرنا ہے کہ محروم افراد کی فلاح وبہبود کے ہرممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔