ملکی معیشت کے استحکام کیلئے سٹیل مل کو بحال کیا جائے ‘راجہ وسیم حسن

سٹیل مل کی بحالی سے ملکی سطح پر سٹیل کی ضروریات پوری ہو نے کے ساتھ بلکہ درآمدات کی مد میںاربوں روپے کی بچت ہوگی

بدھ 17 اکتوبر 2018 17:57

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2018ء) انجمن تاجران لوہا مارکیٹ شہید گنج (لنڈا بازار)لاہورکے نائب صدرر اجہ وسیم حسن نے کہا ہے کہ ملکی معیشت کے استحکام کیلئے پاکستان سٹیل مل کی بحالی کے اقدامات کیے جائیں ،سٹیل ملز کی بندش کے باعث سٹیل کی برآمدات نہ ہونے کے سبب2.5ارب ڈالر سالانہ کا نقصان ہورہا ہے ،سٹیل مل کی موجودہ صورتحال کے پیچھے بندعنوانی ،نااہلیت ،ضرورت سے زائد ملازمین کی بھرتی ہے اس لیے موجودہ حکومت سٹیل مل کو نئی انتظامیہ کے تحت بحال کرکے اس قومی ادارے سے اربوں روپے کا زرمبادلہ کماسکتی ہے جس سے نہ صرف سٹیل کی ملکی ضروریات پوری ہونگی بلکہ درآمدات کی مد میں اربوں روپے کی بچت بھی ہوگی ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوںنے لوہا مارکیٹ شہید گنج کے تاجروںکے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔راجہ وسیم حسن نے کہا کہ موجودہ حکومت سٹیل مل کی بحالی کی طرف توجہ دے کر اس قومی ادارے کو تباہی سے بچائے اور 50لاکھ گھروں کے منصوبہ میں جو کثیر تعداد میں لوہا استعمال ہوگا سٹیل مل سے اس ضرورت کو پورا کیا جائے تاکہ حکومت کو بھی گھروں کی تعمیر میں اربوں روپے کی بچت ہو اور سٹیل مل بھی دوبارہ اپنے پائوں پر کھڑی ہوکر ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کرسکے۔