پاکستان روس مشترکہ فوجی مشقیں اتوار سے شروع ہوں گی

21 اکتوبر سے 4 نومبر تک جاری رہنے والی فرینڈ شپ 2018 نامی مشقوں میں دونوں ملکوں کے 200 فوجی اہلکار حصہ لیں گے

بدھ 17 اکتوبر 2018 20:55

ماسکو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2018ء) روس کی وزارتِ دفاع کے مطابق 21 اکتوبر سے 4 نومبر تک جاری رہنے والی فرینڈ شپ 2018 نامی مشقو ں میں دونوں ملکوں کے 200 فوجی اہلکار حصہ لیں گے۔روس کی وزارتِ دفاع کی طرف سے منگل کو جاری ایک بیان کے مطابق 21 اکتوبر سے 4 نومبر تک جاری رہنے والی فرینڈ شپ 2018 نامی مشقوں میں دونوں ملکوں کے 200 فوجی اہلکار حصہ لیں گے۔

بیان میں بتایا گیا کہ ان مشقوں میں روس کی فوج کے 70 اہلکار شریک ہوں گے جو صوبہ خیبر پختونخوا کے علاقے چراٹ میں واقع پاکستان کی اسپیشل فورسز کے مرکز اور پنجاب کے شہر کھاریاں کے قریب واقع پبی میں انسدادِ دہشت گردی کے قومی مرکز میں ہونے والی ان مشقوں میں حصہ لیں گے۔روس کی وزارتِ دفاع نے کہا کہ ان تربیتی مشقوں میں حصہ لینے والے دونوں ممالک کے فوجی دستے پہاڑی علاقوں میں انسدادِ دہشت گردی اور مسلح گروہوں کے خلاف کی جانے والی کارروائیواں سے متعلق اپنے اپنے تجربات کا ایک دوسرے سے تبادلہ کریں گے۔

(جاری ہے)

بیان میں کیا گیا کہ ان مشترکہ مشقوں کا مقصد دونوں ملکوں کے درمیان فوجی تعاون کو فروغ دے کر اسے مزید مضبوط بنانا ہے۔پاکستان اور روس کے درمیان اس سے قبل 2016ء اور2017ء میں بھی مشترکہ فوجی مشقیں ہو چکی ہیں اور تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ آئندہ اتوار کو شروع ہونے مشترکہ مشقیں بھی انہیں کا تسلسل ہیں۔