میٹرو بس میں سفر کرنے والوں کے لیے بری خبر

پنجاب حکومت نے میٹرو بس کے کرایوں میں اضافے کا عندیہ دے دیا،گجومتہ سے شاہدرہ سفر کرنے پر اسٹاپ تو اسٹاپ کرائے مقرر کیے جائیں گے

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 18 اکتوبر 2018 16:05

میٹرو بس میں سفر کرنے والوں کے لیے بری خبر
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔18اکتوبر 2018ء) پنجاب حکومت نے میٹرو بس کے کرایوں میں اضافے کا عندیہ دے دیا۔تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے میٹرو بس میں سفر کرنے والوں کو بری خبر سناتے ہوئے اس کے کرایوں میں اضافے کا عندیہ دے دیا۔وزیر خزانہ پنجاب ہاشم جواں بخت کا کہنا ہے کہ لازمی نہیں ایک ہی ٹکٹ پر گجومتہ سے شاہدرہ کا سفر کیا جا سکے۔ہی اسٹاپ پر کرائے مقرر کیے جائیں گے۔

میٹرو بس پر سالانہ 12ارب روپے کی سبسڈی دے رہے ہیں۔عوام پر اتنا ہی بوجھ ڈالیں گے جتنا وہ برداشت کر سکیں۔میٹرو بس کو دی جانے والی سبسڈی خزانے پر بوجھ ہے،کرائے ریشلائز کرنے سے حکومتی سبسڈی میں کمی آئے گی۔میڈیا رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ پنجاب حکومت نے لاہور میں سیاحت کے لیے چلائی جانے والی گاڑیوں کے کرایے میں اضافے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

(جاری ہے)

اب قذافی اسٹیڈیم سے گریٹر پارک تک کرائے میں 100روپے اضافہ کر دیا۔جب کہ واہگہ بارڈر کی سیر کرنے کے لیے طلباء کو 50روپے اضافی ادا کرنا ہوں گے۔نئے کرایوں کا اطلاق آئندہ ماہ ہو گا جس کا نوٹیفیکشن جاری کر دیا گیا ہے۔ خیال رہے محکمہ سیاحت کے زیر اہتمام قذافی اسٹیڈیم سے واہگہ باڈر تک ڈبل ڈیکر بس سروس کا آغاز دسمبر 2017میں کیا گیا تھا۔واہگہ بارڈر پر پریڈ دیکھنے کے لئے جانے والے اس بس سروس سے سفر کرکے واہگہ بارڈر تک پہنچتے تھے۔

ڈبل ڈیکر بس مین بلیوارڈ، جیل روڈ، لاہور کینال، رنگ روڈ اور جی ٹی روڈ سے ہوتی ہوئی واہگہ بارڈر پہنچتی ہے۔ بس میں 60مسافروں کی گنجائش موجود ہوتی ہے۔م ڈبل ڈیکر ٹورسٹ بس کا قذافی اسٹیڈیم تا واہگہ بارڈر کا نیا روٹ شہریوں اور سیاحوں کے لیے نہایت قابل دید اور جاذب نظر ثابت ہوا اور لوگ اس سروس سے خوب مستفید بھی ہو رہے تھے۔چونکہ شہریوں اور سیاحوں کی بہت بڑی تعداد واہگہ بارڈر پرچم اتارنے کی تقریب میں شرکت کرتی ہے اس لیے ڈبل ڈیکر بس سروس کا آغاز کیا گیا تھا۔

قذافی اسٹیڈیم تا واہگہ بارڈر روٹ و دیگر روٹس کے اطراف کو مزید خوبصورت بنایا گیا۔ جوکہ لاہور کی سیر کرنے والوں کے لیے خوبصورتی کا اضافہ بنا۔جب کہ واہگہ بارڈر روٹ کے لیے خاطر خواہ سیکورٹی اقدام کیے گئے۔لاہوریوں کی طرف سے اور خاص طور پر طلباء کی طرف سے سائٹ سینگ بس سروس کو خوب پسند کیا جا رہا تھا تاہم اب حکومت نے اس کے کرائے بڑھانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔