Live Updates

اختر مینگل کا افغان شہریوں کو پاکستانی شہریت دینے کے معاملے پر تحفظات کا اظہار

بلوچستان کے مسائل حل کرنے کے لئے تیزی سے اقدامات کرنا ہوںگے ،ْ جہانگیر ترین سے ملاقات میں بات چیت وزیراعظم عمران خان بلوچستان کی ترقی میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں، بلوچستان کا احساس محرومی دور کیا جائے گا ،ْجہانگیر ترین

جمعرات 18 اکتوبر 2018 22:38

اختر مینگل کا افغان شہریوں کو پاکستانی شہریت دینے کے معاملے پر تحفظات ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2018ء) بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ اختر مینگل نے افغان شہریوں کو پاکستانی شہریت دینے کے معاملے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان کے مسائل حل کرنے کے لئے تیزی سے اقدامات کرنا ہوںگے جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے بی این پی کے حکومت کے ساتھ معاہدے پر عملدرآمد کے عزم کا اعادہ کیا ہے ۔

نجی ٹی وی کے مطابق بی این پی کے سربراہ اخترمینگل نے اسلام آباد میں جہانگیر ترین سے ملاقات کی، اس موقع پر وزیر دفاع پرویز خٹک بھی موجود تھے۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں ملک کی سیاسی صورتحال اور بلوچستان کے امور پر گفتگو کی گئی۔اختر مینگل نے حکومت سے بی این پی کے ساتھ کیے گئے معاہدے پر عمل درآمد کا مطالبہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ افغان شہریوں کو پاکستانی شہریت دینے کے معاملے پر تحفظات ہیں ،ْ بلوچستان کے مسائل کے حل کیلئے حکومت کو تیزی سے اقدامات کرنا ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق جہانگیر ترین نے حکومت اور بی این پی کے درمیان معاہدے پر عملدرآمد کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ وزیراعظم عمران خان بلوچستان کی ترقی میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں، بلوچستان کا احساس محرومی دور کیا جائے گا۔ انہوں نے اختر مینگل کو تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کروائی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات